کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) سیکرٹری پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ ظفر علی بلیدی،محمد ایوب،یو این ایف پی اے کی سعدیہ عطا،ناصر خان، ڈاکٹر جہانگیر،ڈاکٹر نجمہ غفار،ڈاکٹر عظمی،ڈاکٹر محمد عمیر،ہاشم کاکڑ، افضل بٹ،جام شفا کے میر وائس،ضیا شاہ، میر محمد ہاشم، ڈاکٹر پارس شہزاد، ڈاکٹر بشیر ابڑو ڈاکٹر شازیہ سعید،محمد یعقوب،لطیف محمد محمد حسنی نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں آبادی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جو ملک کے محدود وسائل، تعلیمی و طبی سہولیات، روزگار کے مواقع اور بنیادی خدمات پر اضافی دبا کا باعث بنتا جارہا ہے بڑھتی ہوئی آبادی کو روکنے کیلئے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افرادکو اپنا کرداراد اکرنے کی ضرورت ہے،حکومت سرکای ہسپتالوں کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ ہسپتالوں میں بھی لوگوں کو مفت فیملی پلاننگ سے متعلق معلومات اور ضروری سامان کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھارہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ فیملی پلاننگ پروگرام سے فائدہ اٹھاسکیں۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو محکمہ پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ اور یو این ایف پی اے کے زیر اہتمام پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پلس استعداد کار کو مضبوط بنانے سے متعلق ورکشاپ کے دوسرے روز اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ورکشاپ میں پاپولیشن ویلفیئر ڈپارٹمنٹ،یو این ایف پی اے، سرکاری ہسپتالوں کے ڈاکٹرز اور پرائیویٹ ہسپتال کے سربران اور ڈاکٹرز نے شرکت کی۔مقررین نے کہا کہ پاکستان دنیا کے زیادہ آبادی والے ممالک میں شامل ہے جہاں حالیہ مردم شماری کے مطابق آبادی 24 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے آبادی میں مسلسل اضافے کے باعث صحت، تعلیم، روزگار، رہائش، صاف پانی، ٹرانسپورٹ اور دیگر بنیادی سہولیات کی طلب میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے، مستقبل کی خوشحالی کا انحصار آبادی میں اضافے کو مؤثر منصوبہ بندی، انسانی ترقی، معیاری تعلیم، بہتر صحت اور مساوی مواقع کے ذریعے قومی طاقت میں تبدیل کرنے پر ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی آبادی اور ترقی کے تناظر میں جامع اور موثر قومی حکمت عملی کی تشکیل کے لئے وفاقی حکومت کے زیر نگرانی قومی کونسل برائے آبادی قائم کی گئی ہے یہ اعلیٰ سطحی قومی فورم آبادی کیلئے بہترین منصوبہ سازی کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتی پالیسی ہم آہنگی اورادارہ جاتی روابط کو یقینی بنائے گا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ پاپولیشن ویلفیئرڈیپارٹمنٹ،محکمہ صحت بلوچستان اور یو این ایف پی اے ملکر بڑھتی آبادی کو کنٹرول کرنے کیلئے کام کررہے ہیں ا س سلسلے میں شادی شدہ جوڑوں کو فیملی پلاننگ سے متعلق مفید معلومات کی فراہمی اورانہیں فیملی پلاننگ سے متعلق سامان کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہاہے۔انہوں نے کہا کہ اس ورکشاپ کا مقصد اسٹیک ہولڈرز کی صلاحیت کو مضبوط بنانے اور مربوط سروس ڈلیوری کو یقینی بنانا ہے محکمہ پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ اوریو این ایف پی کی کوشش ہے کہ وہ تمام اسٹیک ہولڈر کے ساتھ ملکر بیٹھ کر پالیسیاں مرتب کرے اس سلسلے میں پرائیویٹ ہسپتالوں کو بھی پروگرام میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں آبادی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، ظفر علی بلیدی

ٹیگز:
ظفر علی بلیدی
