کراچی(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کو اپنا معاشی ایجنڈا ترتیب دینے کا موقع ہی نہیں دیا گیا، وہ جب بھی کوئی منصوبہ بناتے ہیں، بیچ میں کوئی وزیر آ جاتا ہے، اس وقت ہمارا معاشی بحالی کے علاوہ کوئی اور ایجنڈا نہیں ہونا چاہیے۔
کراچی میں جمعہ کو ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت اپنی تاریخ کے بدترین معاشی بحران سے گزر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی، غربت اور بے روزگاری میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، ایسے حالات میں معاشی بحران سے نکلنے تک حکومت کا کوئی دوسرا ایجنڈا نہیں ہونا چاہیے بلکہ تمام تر توجہ عوام کو ریلیف دینے اور ان کی مشکلات کم کرنے پر مرکوز ہونی چاہیے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک کے معاشی حالات سب کے سامنے ہیں، امریکا کی جنگ اور خطے کی مجموعی صورت حال کے باعث ہر پاکستانی پریشان ہے۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں اس قدر مشکل معاشی وقت نہیں دیکھا، ملک ایک تاریخی معاشی بحران سے گزر رہا ہے اور بظاہر معاشی مشکلات میں کمی کے بجائے مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کی حکومتوں اور سیاستدانوں کی توجہ موجودہ بحران میں عوام کو معاشی ریلیف فراہم کرنے پر مرکوز ہے، پوری دنیا کی حکومتوں کا فوکس معاشی مشکلات سے نکلنے پر ہے، لیکن انہیں افسوس ہے کہ ہمارے حکمرانوں اور سیاستدانوں نے عوامی مسائل پر توجہ دینا بند کر دی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب تک ملک معاشی بحران سے نہیں نکلتا، اس وقت تک کسی دوسرے ایجنڈے کو ترجیح نہیں دی جانی چاہیے۔پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جس کا ایجنڈا محدود معاشی وسائل میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور ان کی مشکلات آسان بنانا ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں کو بھی پیپلز پارٹی کے منشور کو اپنانا چاہیے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مشکل معاشی حالات، مہنگائی اور عوام کی مشکلات کو سامنے رکھتے ہوئے پیپلز پارٹی نے ہمیشہ فیصلے کیے ہیں۔ مشکل معاشی وقت کے باوجود سندھ بھر میں 10 لاکھ گھر تعمیر کرکے لوگوں کی مدد کی گئی، جس کا مقصد متاثرہ اور ضرورت مند خاندانوں کو سہارا فراہم کرنا تھا۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت صحت کے شعبے میں بھی عوام کو سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں عالمی معیار کے صحت کے ادارے قائم کیے گئے ہیں اور سندھ حکومت مہنگے ترین علاج کی سہولت بھی مستحق افراد کو مفت فراہم کر رہی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ایک وقت تھا جب دل کے علاج کے لیے لوگوں کو بیرون ملک جانا پڑتا تھا، تاہم اب سندھ میں صحت کی معیاری سہولتیں دستیاب ہیں۔ کراچی میں صحت کی سہولتوں کی فراہمی اور سندھ بھر میں عالمی معیار کے طبی اداروں کا قیام اسی سلسلے کی کڑیاں ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان ایک وقت میں ڈیفالٹ کے دہانے پر پہنچ چکا تھا، تاہم اپنی محنت اور کوششوں سے ملک کو اس صورت حال سے بچایا گیا۔ انہوں نے زور دیا کہ معاشی استحکام کے لیے عوامی مشکلات کو سمجھنا اور محدود وسائل میں زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ناگزیر ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انہوں نے شہباز شریف کو 2 مرتبہ وزیراعظم بنایا ہے۔ ان کی دعا ہے کہ شہباز شریف پہلے وزیراعظم ہوں جو اپنی 5 سالہ آئینی مدت مکمل کریں۔انہوں نے وزیراعظم کے معاشی منصوبہ بندی کے حوالے سے کہا کہ شہباز شریف کو اپنا معاشی ایجنڈا طے کرنے کا موقع ہی نہیں دیا گیا۔ وہ جب بھی کوئی منصوبہ بناتے ہیں تو بیچ میں کوئی وزیر آ جاتا ہے، جس سے ان کے منصوبوں پر عمل درآمد متاثر ہوتا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ’وزیراعظم کو موقع ہی نہیں دیا گیا کہ وہ تمام جماعتوں کو بلا کر پلان بنائیں، وزیراعظم جب پلان بناتے ہیں تو ان کا کوئی وزیر اٹھ کر اپنا پلان داغ دیتا ہے۔‘بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ موجودہ معاشی صورت حال میں حکومت اور تمام سیاسی جماعتوں کی اولین ترجیح ملک کو معاشی بحران سے نکالنا، مہنگائی اور غربت پر قابو پانا، بے روزگاری کم کرنا اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہونی چاہیے۔ ان کے بقول معاشی بحران ختم ہونے تک کسی دوسرے ایجنڈے کی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔

