دالبندین(ڈیلی گرین گوادر) دالبندین کے علاقے میں دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے 3موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق جمعہ کو دالبندین کے نواحی علاقے خرگوشکاں کے قریب نامعلوم افراد کی جانب سے تخریب کاری کی غرض سے زیر زمین نصب دھماکہ خیزمواد سے پکنک منانے کیلئے جانے والے افراد کی موٹرسائیکل ٹکرانے کے نتیجے میں زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 3افراد سہیل ولد ٹکری عبدالغفار بنگلزئی، عرفان ولد پیر جان بنگلزئی اور الطاف ولد علی احمد نوتیزئی جاں بحق ہوگئے جبکہ موٹرسائیکل مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر نعشوں کو پرنس فہد ہسپتال دالبندین منتقل کردیا جہاں نعشیں ضروری کارروائی کے بعدورثاء کے حوالے کردی گئیں۔ پولیس مزید کارروائی کررہی ہے۔
دالبندین، دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے 3 افراد جاں بحق

ٹیگز:
دالبندین
