اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)وفاقی وزیر صحت اور رہنما ایم کیو ایم مصطفیٰ کمال نے ملک میں آبادی کے بے ہنگم اضافے، بچوں کی اموات اور غذائی قلت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں ہر سال تقریباً 70 لاکھ بچوں کی پیدائش ہو رہی ہے اور آبادی میں سالانہ اتنا ہی اضافہ ملکی وسائل پر بڑھتا ہوا دباؤ ہے، جس پر قابو پانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ خطے کے دیگر ممالک بشمول ایران، بنگلہ دیش اور سری لنکا نے ٹھوس حکمتِ عملی کے ذریعے آبادی میں اضافے کی شرح کو کامیابی سے کم کیا ہے، لہٰذا پاکستان کو بھی آبادی کنٹرول کرنے کے لیے سنجیدہ اور ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنا ہوں گے۔
انہوں نے ملک میں بچوں کی صحت کی صورتحال کو ایک بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے نشاندہی کی کہ پاکستان میں ہر سال 5 سال سے کم عمر لاکھوں بچے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں، جبکہ غذائی قلت کے باعث بچوں کی ذہنی اور جسمانی نشوونما بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی کو بوجھ کے بجائے قومی اثاثہ بنانے کے لیے ضروری ہے کہ بچوں کی صحت اور خوراک پر خصوصی توجہ دی جائے، کیونکہ ایک صحت مند نسل کی تیاری ہی ملک کے روشن اور مستحکم مستقبل کی ضمانت بن سکتی ہے۔

