لاہور(ڈیلی گرین گوادر)سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق ،صدر وسطی پنجاب نازیہ توحید،صدر لاہور عظمی عمران نے بچوں کے عالمی دن کے موقع پر کہا ہے کہ بچے کسی بھی قوم کا مستقبل اور اس کی سب سے قیمتی امانت ہیں۔ ان کی تعلیم، بہترین تربیت، کردار سازی، تحفظ اور صحت مند ماحول کی فراہمی محض حکومتی ذمہ داری نہیں بلکہ والدین، معاشرے اور پوری قوم کا مشترکہ فرض ہے۔ بچوں کو ایسا محفوظ ماحول فراہم کرنا ضروری ہے جہاں وہ خوف، تشدد، استحصال اور محرومی سے آزاد ہو کر اپنی صلاحیتوں کو پروان چڑھا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کے بچے کل کے معمار ہیں، ان کی شخصیت کی تعمیر میں محبت، اخلاقی اقدار، دینی شعور، اعتماد اور مثبت رہنمائی بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ بچوں کو صرف تعلیمی ڈگریوں کے حصول تک محدود رکھنے کے بجائے باکردار، ذمہ دار، باصلاحیت اور انسانیت کا درد رکھنے والے افراد بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ والدین اور اساتذہ بچوں کی تربیت میں اپنا کردار مؤثر انداز میں ادا کریں اور ان کی ذہنی، اخلاقی اور جذباتی نشوونما پر خصوصی توجہ دیں۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ بچوں کے خلاف تشدد، ہراسانی، جبری مشقت، استحصال اور عدم تحفظ کے واقعات معاشرے کے لیے لمحۂ فکریہ ہیں۔ بچوں کو گھروں، تعلیمی اداروں، سڑکوں اور ڈیجیٹل دنیا سمیت ہر جگہ تحفظ فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ بچوں کے حقوق کے تحفظ کے قوانین پر مؤثر عمل درآمد، تعلیم و صحت کی سہولیات، غذائیت اور یکساں مواقع کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ کوئی بچہ غربت، محرومی یا عدم توجہی کے باعث اپنے خوابوں سے دستبردار نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسا پاکستان تعمیر کرنا ہے جہاں ہر بچے کو تعلیم، محبت، عزت، تحفظ اور آگے بڑھنے کے مواقع میسر ہوں، جہاں بچوں کی صلاحیتوں کو پہچانا جائے، ان کی آواز سنی جائے اور انہیں ایک روشن، پُرامن اور محفوظ مستقبل کی امید دی جائے۔ بچوں کے عالمی دن کا حقیقی تقاضا یہی ہے کہ ہم محض اظہارِ یکجہتی تک محدود نہ رہیں بلکہ بچوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی کے لیے عملی اقدامات کریں۔

