اوستہ محمد (ڈیلی گرین گوادر) ڈسٹرکٹ پولیس اوستہ محمد نے غیرت کے نام پر قتل کے واقعے میں فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم عبدالغفار عرف ملوک ولد محمد عثمان قوم کھوسہ ساکن احمد آباد کو گرفتار کر لیا، جس نے گزشتہ شب اپنی بھانجی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ایس پی اوستہ محمد کی ہدایت پر ڈی ایس پی سرکل اوستہ محمد عبدالغنی پٹھان کی نگرانی میں ایس ایچ او باغ ہیڈ سعداللہ جمالی نے کامیاب کارروائی کی۔ پولیس کے مطابق ملزم سے واردات میں استعمال ہونے والا ٹی ٹی پستول بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔نعش کو سول اسپتال اوستہ محمد منتقل کر دیا گیا تھا جبکہ ابتدائی تفتیش میں قتل کی وجہ سیاہ کاری بتائی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خواتین کے خلاف جرائم میں ملوث افراد کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ مزید تفتیش جاری ہے۔
غیرت کے نام پر بھانجی کا قتل کرنے والا ملزم گرفتار

