تربت (ڈیلی گرین گوادر) جامعہ تربت کے زیر انتظام یونیورسٹی ماڈل اسکول میں تدریسی معیار کو مزید بلند کرنے اور اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو جدید تدریسی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے “بیسٹ پریکٹسز ان ٹیچنگ” کے عنوان سے یونیورسٹی کے ویڈیو کانفرنس روم میں ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ کا بنیادی مقصد اسکول اور کلاس روم میں سازگار و جدید تعلیمی ماحول قائم کرنے کے لیے موثر حکمت عملی سے اساتذہ کو آراستہ کرنا تھا۔ ورکشاپ کے ریسورس پرسن جامعہ تربت کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر غلام جان تھے، جنہوں نے کلاس روم میں موثر ابلاغ، طلبہ کی دلچسپی برقرار رکھنے کی تکنیکس، تدریس میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور تدریسی عمل میں استاد کے متحرک کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے مختلف صلاحیتوں اور سوچ کے حامل بچوں کی بہترین تربیت کے حوالے سے اساتذہ کو درپیش عملی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مفید طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا۔ ترجمان جامعہ تربت کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن اور پرو وائس چانسلر ڈاکٹر کمال احمد نے اپنے خصوصی پیغامات میں ورکشاپ کے کامیاب انعقاد پر ریسورس پرسن ڈاکٹر غلام جان اور یونیورسٹی ماڈل اسکول کی پرنسپل مہناز بشیر کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ جامعہ تربت خطے میں معیاری ایلیمنٹری ایجوکیشن کے فروغ سمیت اپنی تمام تر سماجی و علمی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھا رہی ہے۔ ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء نے تمام سیشنز کو انتہائی معلومات افزا قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ورکشاپ سے حاصل کردہ مہارتوں کو کلاس روم میں استعمال کر کے تدریسی ماحول کو مزید بہتر بنائیں گے۔ انہوں نے مستقبل میں بھی اس نوعیت کے پیشہ ورانہ تربیتی پروگرامز کا سلسلہ جاری رکھنے پر زور دیا۔
جامعہ تربت کے یونیورسٹی ماڈل اسکول کے اساتذہ کے لیے “بیسٹ پریکٹسز ان ٹیچنگ” پر جدید تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

ٹیگز:
جامعہ تربت
