کوئٹہ(این این آئی) چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کا امن، خوشحالی اور فلاح ریاستی کوششوں کا مرکز ہے، قیام امن اور پائیدار معاشی سرگرمیوں و ترقی کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر ریاستی اداروں کے درمیان مسلسل رابطہ کاری ضروری ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فیلڈ فارمیشنز کے کمانڈرز اور کمانڈنگ افسران سے ملاقات کی۔دورے کے دوران چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کوبلوچستان کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور صوبے میں امن و استحکام کے لیے جاری اقدامات پر جامع بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بلوچستان میں امن و استحکام برقرار رکھنے، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر ریاستی اداروں کے درمیان رابطہ کاری سمیت صوبے کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے معاونت سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاری اور فرض شناسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ قیام امن اور پائیدار معاشی سرگرمیوں و ترقی کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر ریاستی اداروں کے درمیان مسلسل رابطہ کاری ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا امن، خوشحالی اور فلاح ریاستی کوششوں کا مرکز ہے، جبکہ مستحکم اور محفوظ ماحول صوبے میں ترقیاتی اقدامات، معاشی مواقع اور عوام کے بہتر مستقبل کے امکانات کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور فرائض کی ادائیگی میں افسران و جوانوں کی ثابت قدمی اور عزم کو سراہا۔قبل ازیں کوئٹہ آمد پر کمانڈر کوئٹہ کور نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔
بلوچستان کے عوام کا امن، خوشحالی اور فلاح ریاستی کوششوں کا مرکز ہے، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

ٹیگز:
سید عاصم منیر
