لاہور (ڈیلی گرین گوادر) سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید ،صدروسطی پنجاب نازیہ توحید،صدرلاہورعظمی عمران نے یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا وہ ناقابلِ فراموش دن ہے جب افواجِ پاکستان کے جوانوں اور پوری قوم نے عزم، جرات، اتحاد اور بے مثال جذبۂ حب الوطنی سے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ ہم اس تاریخی معرکے کے شہداء، غازیوں اور تمام بہادر سپوتوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے اور بہادری و شجاعت کی ایسی لازوال داستانیں رقم کیں جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1965ء کی جنگ میں قوم نے جس یکجہتی، ایثار، قربانی اور جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا، وہ پاکستان کی اصل قوت کی علامت تھا۔ ماؤں، بہنوں، نوجوانوں، تاجروں، طلبہ اور معاشرے کے ہر طبقے نے اپنے جانبازوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر ثابت کیا کہ جب قوم ایک مقصد پر متحد ہو جائے تو بڑے سے بڑا چیلنج بھی شکست کھا سکتا ہے۔ثمینہ سعید نے کہا کہ آج پاکستان کو اگرچہ کسی بیرونی جارحیت سے زیادہ مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت، بدامنی، عدم تحفظ اور عوامی مشکلات جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے، لیکن ان حالات میں بھی ہمیں 6 ستمبر کے قومی جذبے سے سبق حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ جس اتحاد و اتفاق کے ذریعے قوم نے وطن کا دفاع کیا تھا، اسی اتحاد، شعور اور پُرامن عوامی دباؤ کے ذریعے آج عوام کے بنیادی حقوق اور مسائل کے حل کے لیے بھی صف آرا ہونا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو عوام کی مشکلات سے لاتعلق رہنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کر دی ہے، قانون کی بالادستی کمزور ہونے سے عدم تحفظ بڑھ رہا ہے اور عوام اپنے بنیادی مسائل کے حل کے لیے پریشان ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ قوم مایوسی کا شکار ہونے کے بجائے متحد ہو، اپنے آئینی و جمہوری حقوق کے لیے آواز بلند کرے اور پُرامن عوامی جدوجہد کے ذریعے حکمرانوں کو عوامی مسائل کے حل پر مجبور کرے۔انہوں نے کہا کہ یومِ دفاع صرف ماضی کے کارناموں کو یاد کرنے کا دن نہیں بلکہ اپنے قومی عزم کی تجدید کا دن بھی ہے۔ آج ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری، اسلامی تشخص، قانون کی حکمرانی اور عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے ہم متحد رہیں گے۔ثمینہ سعید نے شہداءِ وطن کے درجات کی بلندی اور غازیوں کی سلامتی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی آزادی اور سلامتی کے لیے جانیں قربان کرنے والے ہمارے قومی ہیروز ہیں؛ ان کی قربانیاں قوم کے لیے امانت ہیں اور ان کے جذبۂ ایثار کو زندہ رکھتے ہوئے ہمیں ایک مضبوط، پُرامن، خوشحال اور باوقار پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ۔ نیز ڈپٹی سیکریٹریز ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی ، عطیہ نثار ، عائشہ سید ، عفت سجاد اور ڈاکٹر زبیدہ جبیں نے بھی چھ ستمبر کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کی ہے
شہداءِ وطن کی قربانیاں ہماری قومی طاقت ہیں، آج بھی اسی جذبۂ اتحاد سے پاکستان کو بحرانوں سے نکالنا ہوگا: ثمینہ سعید

ٹیگز:
ثمینہ سعید
