کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے امیر، سینیٹر مولانا عبدالواسع کی اہم ملاقات، مسلم باغ میں کرومائٹ کی الاٹمنٹ غیر مقامی فرد کو دئیے جانے کے معاملے پرکمیٹی قائم کرنے پر اتفاق۔ جمعیت علماء اسلام کے بیان کے مطابق مسلم باغ میں کرومائٹ کی اس متنازع الاٹمنٹ کے خلاف مقامی قبائل میں شدید بے چینی پائی جا رہی تھی۔ جیسے ہی یہ معاملہ سامنے آیا، مقامی قبائل نے فوری ردعمل دیتے ہوئے اس فیصلے کو اپنے حقوق کے منافی قرار دیا اور سخت احتجاج کیا۔ عوامی دباؤ اور قبائلی ردعمل کے پیش نظر حکومت نے اس الاٹمنٹ کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔اس اہم پیش رفت کے بعد امیر جمعیت علماء اسلام بلوچستان، سینیٹر مولانا عبدالواسع کی قیادت میں مسلم باغ کے قبائلی عمائدین اور مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے تفصیلی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں مقامی وسائل پر مقامی لوگوں کے حق، صوبائی خودمختاری اور عوامی مفادات کے تحفظات پر کھل کر گفتگو کی گئی۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت بلوچستان اور جمعیت علماء اسلام دونوں عوام کے مفادات کے تحفظ کے لیے یکساں مؤقف رکھتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی صورت میں صوبے کے وسائل پر غیر مقامی عناصر کو ترجیح نہیں دی جائے گی، اور ایسے تمام معاملات کو شفاف اور منصفانہ طریقے سے نمٹایا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے اس مسئلے کے مستقل اور دیرپا حل کے لیے ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا، جس میں حکومتی نمائندوں، قبائلی عمائدین اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جائے گا۔ یہ کمیٹی تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر ایسی سفارشات مرتب کرے گی جو مقامی آبادی کے حقوق کے تحفظ، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور پائیدار ترقی کو یقینی بنائیں۔اس موقع پر سینیٹر مولانا عبدالواسع نے وزیراعلیٰ بلوچستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ہمیشہ عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی اور ایسے ہر اقدام کی حمایت کرے گی جو صوبے کے عوام کے مفاد میں ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم باغ سمیت بلوچستان کے تمام علاقوں میں قدرتی وسائل پر پہلا حق مقامی لوگوں کا ہے، اور اس اصول پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
میر سرفراز بگٹی سے سینیٹر مولانا عبدالواسع کی اہم ملاقات، مسلم باغ میں کرومائٹ کی الاٹمنٹ غیر مقامی فرد کو دئیے جانے کے معاملے پرکمیٹی قائم کرنے پر اتفاق

ٹیگز:
سینیٹر مولانا عبدالواسع
