کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر و سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ علم و ادب کا فروغ ہمارے لیے زندگی کی مانند ہے، کیونکہ ادب ہی زندگی ہے۔ براہوئی زبان و ادب کے شعرا، ادبا اور دانشور انتہائی معاشی مشکلات اور بے روزگاری کے باوجود اپنی مادری زبان اور ادبی ورثے کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان کی یہ جدوجہد قابلِ تحسین ہے۔ بلوچستان ادبی فورم براہوئی زبان کی ادبی تنظیموں کا ایک مشترکہ پلیٹ فارم ہے، جس کے ذریعے زبان و ادب کے فروغ کے لیے اجتماعی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ نیشنل پارٹی ہمیشہ بلوچستان ادبی فورم کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی کرتی رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے معروف ادبی و فکری شخصیت ایماندار جبار یار کی یاد میں منعقدہ تعزیتی و ادبی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروگرام کی صدارت پروفیسر انور زیب نے کی، جبکہ نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے ہمراہ بلوچی زبان کے معروف ادیب و دانشور یار جان بادینی اور براہوئی و بلوچی زبان کے شاعر، افسانہ نگار اور بی ایس او پجار کے مرکزی سیکرٹری جنرل ابرار برکت بھی موجود تھے۔پروگرام میں اعزازی مہمانوں کی حیثیت سے قیوم بیدار، نور خان نواب، حاجی شاہ بہک شہدا، رحیم ناز، عرفان جبار یار اور بلال مینگل نے شرکت کی۔اس موقع پر مقررین نے مرحوم ایماندار جبار یار کی ادبی، فکری اور تخلیقی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ زبان و ادب کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مادری زبانوں کے تحفظ، ترویج اور ادبی سرگرمیوں کے تسلسل کے لیے ادیبوں، دانشوروں اور ادبی تنظیموں کے درمیان باہمی تعاون ناگزیر ہے۔پروگرام کے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض غریب شاہ انجم نے انجام دیے۔
براہوئی زبان و ادب کے فروغ کے لیے بلوچستان ادبی فورم کی حوصلہ افزائی کرتے رہیں گے، ڈاکٹر مالک بلوچ

ٹیگز:
ڈاکٹر مالک بلوچ
