اسلام آبا(ڈیلی گرین گوادر) تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین،قائدِ حزبِ اختلاف قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی اور قائدِ حزبِ اختلاف سینیٹ سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ ناصر عباس نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف وفاقی آئینی عدالت میں نظرِ ثانی درخواست دائر کردی۔درخواست دائر کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے مؤقف سے آگاہ کیا اور خیبر پختونخوا کی سیاسی و آئینی صورتحال پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔
قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان ہم نے اس وقت بنائی جب موجودہ حکومت انتخابات کی غلط بنیادوں پر قائم ہوئی، اسمبلیاں بیچی اور خریدی گئیں، اور آئین کو توڑنے مروڑنے کی تیاریاں کی گئیں۔ ان حالات میں ہم نے تحریک تحفظ آئین پاکستان کی بنیاد رکھی۔ہمارا کسی فوجی یا سویلین سے کوئی ذاتی جھگڑا نہیں ہے۔ ہمارا اصل تنازع یہ ہے کہ پاکستان ایک رضاکارانہ وفاق (فیڈریشن) ہے۔ 1970 کی دہائی میں ایک بہت بڑے سانحے کے بعد، جب ہماری غلطیوں اور بدکرداریوں کی وجہ سے پاکستان ٹوٹا، تو بڑی مشکل سے یہ نیا آئین مرتب ہوا۔آئین دراصل عوام کے درمیان ایک سماجی معاہدہ (سوشل کانٹریکٹ) ہوتا ہے۔ جب بھی اس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی جائے گی، تو پاکستان کی بنیادیں ہل جائیں گی۔ پہلے دن سے ہمارا بنیادی مؤقف یہی رہا ہے، لیکن اس وقت کچھ لوگ اسے نقصان پہنچانے میں لگے ہوئے ہیں۔اب ایک نیا فلسفہ سامنے آیا ہے کہ جو بھی آئین کی بالادستی کی بات کرے گا اسے جیل میں ڈال دیا جائے گا اور اس پر پابندیاں عائد کر دی جائیں گی، لیکن جو ان کے لشکر میں شامل ہو جائے گا اس پر کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں ہوگی۔
قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے کہا کہ جو ہمارے خطے میں ہو رہا ہے، وہ ایک انتہائی خطرناک صورتحال ہے۔ اس ملک، خطے پر بہت خطرناک بادل چھا رہے ہیں، ان حالات میں ہماری افواج دوہری ذمہ داریوں تلے دب کر برباد ہو جائیں گی۔ فوج کو اس کے اپنے کام کے لیے فارغ کیا جائے۔ ہمارا فوج سے کوئی جھگڑا نہیں ہے۔ تحریک تحفظ آئین پاکستان تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کرے گی کہ وہ ایک متحدہ محاذ بنائیں اور ہماری افواج کو باعزت راستہ دیں تاکہ وہ اپنی اصل ذمہ داریوں کی جانب لوٹ سکیں۔ پاکستان کو سنبھالنے کے لیے ہم اجتماعی دانش کے ساتھ بیٹھ کر اس ملک اور خطے کو بچائیں جس پر اس وقت خطرناک بادل منڈلا رہے ہیں۔
پرسوں یہاں ایک اجلاس بلایا گیا تھا جس میں دنیا بھر سے لوگوں کو مدعو کر کے بتایا گیا کہ ہمارے ملک میں معدنیات اور وسائل موجود ہیں۔ خدارا! ملک کی قسمت کے ساتھ کیوں کھیل رہے ہو؟ بلا شبہ یہ پاکستان کے وسائل ہیں، یہ پاکستان کے عوام اور اس کے صوبوں کے وسائل ہیں۔ آپس میں مشورہ کریں، لوگوں کو اعتماد میں لیں اور اپنے عوام کو اس میں حصہ دار بنائیں۔ اس طرح پاکستان پھلے پھولے گا اور ایک بہترین ملک بن کر ابھرے گا۔ورنہ خدانخواستہ، جیسا کہ میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں اور آج پھر دہرا رہا ہوں کہ تحریک تحفظ آئین کی جانب سے کہی گئی ان باتوں کو ہر شریف انسان ایک ڈوبتے جہاز کا آخری امدادی پیغام (SOS message) سمجھے۔ ہمارا جہاز ڈوب رہا ہے، اور اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم دنیا کو بتائیں، عوام کو آگاہ کریں اور اپنے ملک کو بچائیں۔
قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ”میں اور میرے ان دو بھائیوں کا قومی اسمبلی اور سینیٹ سے تعلق ہے۔ ہم نے یہاں بھی وہی پٹیشن دائر کی ہے جو ہم نے پشاور میں کی تھی۔ ہم ایک نئی پٹیشن داخل کر رہے ہیں کہ پاکستان میں جو بھی ایم پی ایز، ایم این ایز، سینیٹرز اور قومی اسمبلی کے ممبران غائب ہیں، بشمول سہیل آفریدی، سپیکر صاحب اور جنید اکبر وغیرہ، ان کے لیے ہم پٹیشن دائر کر رہے ہیں کہ کم از کم ہمیں تو بتایا جائے کہ وہ کہاں ہیں۔ آپ ان کو پیش کیوں نہیں کرتے؟ آپ ان کو لاتے کیوں نہیں؟ ہم اسی سلسلے میں یہاں آئے تھے اور یہی ہمارا کام ہے۔ اس لیے میں علامہ صاحب اور شاندانہ بی بی کا مشکور ہوں کہ ہم وہاں گئے۔چار کروڑ انسانوں کی رائے کے ساتھ مذاق ہے، چار کروڑ انسانوں کی رائے کا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔ ہم نے وہاں وہ پٹیشن داخل کی۔ وہاں وکلاء میں کچھ عجیب و غریب لوگ موجود تھے۔ نام کے حد تک تو وہ عمران خان کی پارٹی کے تھے۔ ہمیں بڑا دکھ ہوا جب تحریک انصاف کے ساتھیوں نے کہا کہ یہاں بار روم میں آپ نے کوئی سیاسی بات نہیں کرنی۔ حالانکہ حملہ ہوا ہے، فیڈریشن پر حملہ ہوا ہے، ایک صوبے کی خود مختاری پر حملہ ہوا ہے۔ اور ہمیں یہ بات کون کہہ رہا ہے؟ کوئی نام نہاد تحریک انصاف کا آدمی۔میں نے سنا ہے کہ اس شخص نے میری طرف سے وکالت نامہ بھی داخل کر دیا ہے۔ نہ مجھے اس بات کا علم ہے اور نہ ہی یہ معلوم ہے کہ اس پر دستخط کس نے کیے ہیں، جبکہ اس پر میرا ٹیلیفون نمبر بھی غلط درج ہے۔ بہرحال، وہاں یہ سب ہوا اور پھر پشاور ہائی کورٹ کے وہ اختیارات چھین لیے گئے یا معطل کر دیے گئے۔
سربراہ تحریک تحفظ آئین پاکستان، قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے کہا کہ اچانک کابینہ کا اجلاس ہوا اور ایمرجنسی اور گورنر راج کا فیصلہ کر دیا گیا۔آئینی طور پر اس کے لیے یہ ضروری ہوتا ہے کہ وہاں کی اسمبلی کہے، وہاں کا گورنر کہے، یا وہاں کے حکمران کہیں کہ حالات ہمارے بس سے باہر ہو رہے ہیں یا کوئی قدم اٹھانا چاہیے۔ لیکن ایسی کوئی بات نہیں تھی۔ محض کابینہ کا اجلاس ہوا اور فیصلہ کر دیا گیا۔وہ جو وجوہات بتا رہے تھے کہ خیبر پختونخوا میں یہ ہو رہا ہے، وہ ہو رہا ہے، اس سے کہیں زیادہ بری حالت سندھ میں تھی۔ کچے کے ڈاکو خاندانوں، بچیوں، بچوں اور عورتوں کو تاوان کے لیے اغوا کر رہے تھے اور بدمعاشیاں کر رہے تھے۔ جب سندھ حکومت سے اس بارے میں کچھ کہا جاتا تھا تو وہ جواب دیتے تھے کہ وہاں ہمارا بس نہیں چلتا۔بلوچستان کی تو بات ہی کچھ اور ہے۔ بلوچستان اس وقت جن حالات سے گزر رہا ہے، خیبر خیبر پشتونخوا کا امن و امان اس سے ہزار درجے بہتر تھا۔ دراصل ان کا مقصد صرف یہ تھا کہ تحریک انصاف کا جو آخری مورچہ جائز اور قانونی ووٹوں سے باقی رہ گیا تھا، اس پر ہر حال میں قبضہ کرنا تھا۔
قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہمارے ججز، وکلاء اور نظام محض نام کے رہ گئے ہیں۔ میں ایک شہری کی حیثیت سے وکلاء اور جج صاحبان سے اپیل کروں گا کہ آئین کی تشریح ججز کرتے ہیں۔آئین کیا ہے، اس کی اہمیت کیا ہے، اسے معطل کرنا، اسے روندنا، اسے سسپنڈ کرنا؛ آئین خود کہتا ہے کہ یہ سزائے موت (کیپیٹل پنشمنٹ) کا جرم ہے۔جس انداز میں یہ حکومت عدالتوں کے پر کاٹ رہی ہے، جس انداز میں یہ حکومت پارلیمنٹ کو بے وقعت کر رہی ہے، اور جس انداز میں یہ بنیادی انسانی حقوق کا مذاق اڑا رہی ہے؛ اس صورتحال میں ہر پاکستانی کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے ملک کے آئین کے بچاؤ کے لیے نکلے اور ایک متحدہ محاذ بنائے، چاہے وہ کسی بھی پارٹی کا ہو، یا اس کا تعلق کسی بھی ادارے (بشمول ڈیفنس فورسز) سے ہو۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ میں تمام سیاسی جماعتوں سے درخواست کرتا ہوں کہ پاکستان ہماری غلط کاریوں کی وجہ سے ڈوب رہا ہے۔ میڈیا پر پابندیاں ہیں، عدالتوں پر پابندیاں ہیں، اور پارلیمنٹ ایک ڈیبیٹنگ سوسائٹی کے درجے سے بھی نیچے گر چکی ہے۔ یہ تمام سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ کم از کم نکات پر ایک متحدہ محاذ تشکیل دیں۔ آئین کی بالادستی ہوگی، پارلیمنٹ طاقت کا سرچشمہ ہوگی، تمام پالیسیاں وہیں مرتب کی جائیں گی۔ جہاں تک ہماری افواجِ پاکستان کا تعلق ہے، ہمارے خطے میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ ایک انتہائی خطرناک صورتحال ہے۔ ”یہ سب کن کے کہنے پر ہو رہا ہے؟ آئینِ پاکستان واضح کرتا ہے، اور خود ہماری دفاعی افواج (ڈیفنس فورسز) کا حلف بھی یہی کہتا ہے —ایک سپاہی سے لے کر جرنیل تک—کہ ‘میں سیاست میں حصہ نہیں لوں گا’۔ پھر جو سیاسی لوگ اسٹیبلشمنٹ کے کہنے پر ‘میوزیکل چیئرز’ کا کھیل کھیل کر حکومتیں بدلتے ہیں، ان کی سزا کیا ہوگی؟ کسی کو چھ ماہ کے لیے وزیراعظم بناؤ، کسی کو پانچ ماہ کے لیے بناؤ، اور کسی کے ساتھ کچھ اور کرو۔ یہ کیا مذاق ہے؟ کیوں؟ ملک کی سب سے مقبول پارٹی کا لیڈر عمران احمد خان جیل میں ہے۔ وہ قانونی اور جمہوری طور پر جیت چکا ہے، کیا عوام کو اس کی سزا دی جا رہی ہے؟ میری معلومات محدود ہو سکتی ہیں، لیکن بظاہر ایسا لگتا ہے کہ یہ ایک طے شدہ منصوبہ ہے کہ عمران خان کو جیل میں ہی رکھا جائے، اور یہاں اقتدار کی میوزیکل چیئرز کھیلی جائیں، جہاں چند ماہ کے لیے کسی ایک کو وزیراعظم بنایا جائے اور پھر کسی اور کو۔ یہ کیسا مذاق ہے؟ ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت کا لیڈر جیل میں کیوں قید ہے؟اگر خدانخواستہ اس عمل میں تحریکِ انصاف کے اپنے لوگ بھی شامل ہیں، تو تاریخ ان سے بھی جواب طلب کرے گی۔ کیا پاکستان کوئی مذاق ہے کہ یہاں میوزیکل چیئرز کھیلی جائیں گی؟ تین ماہ کے لیے خدانخواستہ علامہ صاحب کو وزیراعظم بنا دیا جائے، پھر پانچ ماہ کے لیے بی بی کو بنا دیا جائے، اور سات ماہ کے لیے کسی اور کو بنا دیا جائے۔ یوں پانچ سال گزر جائیں گے۔ یہ سب کس کے لیے اور کن کے کہنے پر ہو رہا ہے؟ آئین کی بقا کے لیے عوام باہر نکلیں اور ایک متحد محاذ تشکیل دیں۔ یہ میری ذاتی رائے ہے، جو غلط بھی ہو سکتی ہے، لیکن میری دانست میں سب سے بڑی ذمہ داری سیاسی جماعتوں پر عائد ہوتی ہے۔ اگر پاکستان کو کوئی نقصان پہنچتا ہے، تو اس کی براہ راست ذمہ دار وہ سیاسی جماعتیں ہوں گی، جنہوں نے پچاس سال تک اس ملک کا مذاق اڑایا ہے۔
پاکستان ہماری غلط کاریوں کی وجہ سے ڈوب رہا ہے،محمود خان اچکزئی

ٹیگز:
محمود خان اچکزئی
