لاہور (ڈیلی گرین گوادر)صدر مملکت آصف علی زرداری نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ان کی رہائش گاہ پر اہم ترین ملاقات کی ہے، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف دونوں گزشتہ روز جمعہ کو لاہور پہنچے تھے۔صدر مملکت ہفتے کے روز سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کے ہمراہ وزیراعظم کی رہائش گاہ 95 ایچ ماڈل ٹاؤن پہنچے، جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کا پُرتپاک استقبال کیا۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ملک کو درپیش معاشی چیلنجز، امن و امان کی صورتحال اور سیاسی استحکام کے حوالے سے اہم امور پر مشاورت کی۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت کو اپنے حالیہ دورہ ترکیہ اور عالمی ماحولیاتی کانفرنس ’کوپ 31‘ میں اپنی شرکت کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
اعلامیے کے مطابق بیٹھک میں حکومتی اتحادی جماعتوں کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے، سیاسی مشاورت کے تسلسل کو برقرار رکھنے اور ملک بھر میں جاری عوامی فلاحی منصوبوں کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک میں پائیدار معاشی استحکام لانے اور ترقیاتی عمل کی رفتار کو تیز کرنے کے لیے تمام اتحادی جماعتیں مل کر کام جاری رکھیں گی۔
اس اہم ملاقات میں وفاقی حکومت اور اتحادی جماعتوں کے سرکردہ رہنما بھی شریک تھے، جن میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ اور رکن قومی اسمبلی میاں حمزہ شہباز شریف شامل تھے۔واضح رہے کہ وفاق میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان باہمی مشاورت کا یہ سلسلہ آئینی و قانونی امور، بجٹ ترجیحات اور صوبائی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لیے نہایت اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔

