کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کوئٹہ کی جانب سے ہاسٹل میس میں کھانے کے معیار اور سہولیات سے متعلق شائع ہونے والی خبروں کی تردید کی جاتی ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق ہاسٹل میں مقیم طالبات کو باقاعدہ ہفتہ وار مینیو کے تحت کھانا فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ طالبات نے تحریری طور پر بھی کھانے کے معیار اور سہولیات پر اپنے اطمینان کی تصدیق کر رکھی ہے۔
انتظامیہ واضح کرتی ہے کہ ہاسٹل میس کی ماہانہ فیس 4,000 روپے مقرر ہے، جو 30 دن کے حساب سے یومیہ تقریباً 133 روپے بنتی ہے۔ اس محدود فیس کے باوجود طالبات کو مناسب اور معیاری کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔
ہاسٹل میس کا ہفتہ وار مینیو
یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ مینیو میں دوپہر اور رات کے کھانے کے لیے مختلف اقسام کے کھانے شامل ہیں۔
دوپہر کا کھانا:
– اتوار: حلیم / بھنڈی
– پیر: چائنیز رائس / گرین چٹنی
– منگل: کڑی پکوڑا
– بدھ: چکن / آلو پالک
– جمعرات: دال
– جمعہ: چولے
– ہفتہ: آلو انڈے
رات کا کھانا:
– اتوار: آلو سالن
– پیر: لوبیا
– منگل: آلو چاول / رائتہ
– بدھ: مکس سبزی
– جمعرات: چکن بریانی / آلو پلاؤ
– جمعہ: آلو بینگن دیسی
– ہفتہ: چکن قورمہ / توری
مذکورہ ہفتہ وار مینیو سے واضح ہوتا ہے کہ طالبات کے لیے مختلف اقسام کے کھانے ترتیب دیے گئے ہیں، جن میں چکن اور چاول پر مشتمل کھانے بھی شامل ہیں۔
مزید برآں، یونیورسٹی میں مقیم غیر مسلم طالبات کی مذہبی ضروریات اور انفرادی غذائی ترجیحات کا بھی مکمل خیال رکھا جاتا ہے اور ان کی خواہش کے مطابق کھانے کا انتظام کیا جاتا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق میس کے معاملات کی نگرانی کی جاتی ہے اور طالبات کی سہولت و اطمینان کو ترجیح دی جاتی ہے۔ تاہم کسی بھی طالبہ کی انفرادی شکایت موصول ہونے پر اس کا جائزہ لینے اور ضروری اقدامات کرنے کے لیے انتظامیہ کے دروازے کھلے ہیں۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے مزید واضح کیا ہے کہ سوشل میڈیا یا دیگر ذرائع پر یونیورسٹی کے خلاف جھوٹی، بے بنیاد، گمراہ کن یا دانستہ طور پر بدنام کرنے والی معلومات پھیلانے کی صورت میں دستیاب شواہد کا جائزہ لے کر ذمہ داران کے خلاف پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (PECA) اور دیگر قابلِ اطلاق قوانین کے تحت قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ اداروں سے رجوع کیا جائے گا۔
یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ طالبات کی فلاح و بہبود، معیاری خوراک اور بہتر رہائشی سہولیات کی فراہمی اس کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے۔ لہٰذا گزارش ہے کہ حقائق اور جاری کردہ مینیو کو مدنظر رکھتے ہوئے یکطرفہ اور غیر مصدقہ خبریں شائع کرنے سے گریز کیا جائے۔

