کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان نیشنل پارٹی کے ممبر سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی و ضلعی صدر کوئٹہ غلام نبی مری اور ضلعی انفارمیشن سیکریٹری نسیم جاوید ہزارہ نے پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت شدید سیاسی بحران اور جمود کا شکار ہے جہاں غیر اعلانیہ مارشل لا نافذ ہے، جمہوری اور غیر جمہوری قوتوں کے درمیان کشمکش اپنے عروج پر ہے، ایسے حالات میں اپوزیشن لیڈر کا کردار ادا کرنا کسی طور آسان نہیں۔ تاہم انہیں یقین ہے کہ محمود خان اچکزئی جیسے سینئر اور کہنہ مشق سیاست دان اپنی مدبرانہ صلاحیتوں، سیاسی بصیرت اور مستقل مزاجی کے ذریعے غیر جمہوری قوتوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح ڈٹے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملکی سیاست میں دو واضح قوتیں آمنے سامنے ہیں، ایک جمہوری قوت جس کے پیچھے عوام کھڑے ہیں، اور دوسری غیر جمہوری قوت جسے سامراجی اسٹیبلشمنٹ کی پشت پناہی حاصل ہے، جنہوں نے فارم 47 کے ذریعے جعلی اسمبلیاں تشکیل دے کر عوام کے حق رائے دہی پر ڈاکہ ڈالا، آئین اور عدالتوں کو معطل کیا، میڈیا کو کنٹرول میں رکھا اور حقیقی سیاسی رہنماں کو جیلوں میں ڈال رکھا ہے۔بی این پی رہنماں نے کہا کہ ایسے مخدوش سیاسی حالات میں اپوزیشن کا مثر کردار ادا کرنا جوئے شیر لانے کے مترادف ہے، مگر محمود خان اچکزئی جیسے اصولی لیڈر سے عوام کی امیدیں وابستہ ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی محمود خان اچکزئی کے ہر عوام دوست اور جمہوریت پسند اقدام میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی اور ان کی مکمل حمایت جاری رکھے گی۔بیان میں کہا گیا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شامل تمام جماعتیں آئین کے تقدس، حقیقی جمہوریت اور عوام کے حق رائے دہی کی بحالی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی، اور یہ تحریک اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ملک میں جمہوریت مکمل طور پر بحال نہیں ہو جاتی۔
بلوچستان نیشنل پارٹی کی محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر منتخب ہونے پر مبارکباد ` اچکزئی ثابت قدم رہیں گے، غلام نبی مری

ٹیگز:
غلام نبی مری
