کراچی(ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علماء اسلام پاکستان کے رہنما حضرت مولانا سکندر احمد صاحب نے قائدِ ملتِ اسلامیہ حضرت مولانا فضل الرحمٰن صاحب سے سیکورٹی واپس لینے کے حکومتی فیصلے کو انتہائی افسوسناک، غیر ذمہ دارانہ اور قابلِ مذمت قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں مولانا سکندر احمد صاحب نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن صاحب پاکستان کی دینی و سیاسی قیادت کا روشن چہرہ ہیں۔ انہیں پہلے بھی متعدد بار دہشت گردی کے خطرات کا سامنا رہا ہے۔ ایسے حالات میں ان سے سیکورٹی واپس لینا صرف غفلت نہیں، بلکہ ایک سنگین جرم کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ قائدِ ملتِ اسلامیہ کی حفاظت صرف ایک شخص کی حفاظت نہیں، بلکہ لاکھوں کارکنان، علماء اور عوام کے جذبات کا معاملہ ہے۔ اگر خدانخواستہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اس کی تمام تر ذمہ داری مرکزی حکومت پر عائد ہوگی۔مولانا سکندر احمد صاحب نے کہا کہ ہم پرامن لوگ ہیں، ہم آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر اپنا حق مانگ رہے ہیں۔

