کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں کوئٹہ اور سکھر کے درمیان براہ راست فضائی رابطے، بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سیکشن افسران کے زیر التواء معاملے کو فوری طور پر منطقی انجام تک پہنچانے، بلوچستان کے صحافیوں کے مسائل کے حل سے متعلق تین الگ،الگ قراردادیں منظور کرلی گئیں۔ بلوچستان اسمبلی کا اجلاس جمعہ کو پینل آف چیئرمین کے رکن ڈاکٹر اشوک کمار کی زیر صدارت شروع ہوا۔اجلاس میں پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے رکن اسمبلی انجینئر زمر ک خان اچکزئی نے کہا کہ وفاقی کی جانب سے صوبے کے 12اضلاع میں خالی آسامیوں پر بھرتی کا عمل شروع کیا گیا ہے جس پر ہم شکرگزار ہیں تاہم بے روزگاری پورے بلوچستان کا مسئلہ ہے صوبائی حکومت اس پر وفاق سے بات کر ے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے خالی آسامیوں پر بھرتی کا آغاز کر نے پر صدر مملکت، وزیراعظم، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا شکر گزارہوں۔انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ ایک اجلاس میں فیلڈ مارشل نے اٹھایا تھا کہ 25ہزار خالی آسامیوں پر بھرتی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر وہ اضلاع جو متاثر ہیں اور جہاں نوجوان کو صرف زمیاد انکا مستقبل دیکھایا گیا اور کوئی اور ذریعہ معاش نہیں تھا میں بھرتی کا عمل شروع کیا ہے جو مرحلہ وار تمام اضلاع میں مکمل کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی نے اپنے تحفظا ت سے آگاہ کیا ہے اس پر متعلقہ حکام سے بات کی ہے بلوچستان کے تمام لوگ آبادی کے تناسب سے ان آسامیوں سے مستفید ہونگے۔ اجلاس میں بی اے پی کی رکن فرح عظیم شاہ نے گزشتہ اجلاس میں موخر شدھ قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہرگاہ کہ کوئٹہ اورسکھر کے درمیان براہ راست فضائی رابطے کی عدم دستیابی کے باعث عوام کو آمدورفت کے سلسلے میں طویل زمینی سفر کرنا پڑتا ہے جس کے باعث قیمتی وقت کا ضیاع بالخصوص مریضوں،بزرگ شہریوں،طلباء، سرکاری ملازمین،تاجروں اوردیگر مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لہذا یہ ایوان صوبائی حکومت سے سفارش کرتا ہے کہ وہ وفاقی حکومت سے رجوع کرے کہ عوامی مفاد اورسفری ضروریات کو مدنظررکھتے ہوئے کوئٹہ تا سکھر اورسکھر تا کوئٹہ براہ راست پروازوں کے اجراء کے لئے وفاقی حکومت اور متعلقہ حکام کے ساتھ معاملہ اٹھایا جائے تاکہ عوام کو تیزرفتار آسان اور محفوظ سفر کی سہولت میسرآسکے۔بی این پی عوامی کے رکن اسد بلوچ نے کہا کہ قرارداد کی حمایت کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں فاصلے طویل ہیں اور امن و امان کی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے 7لاکھ آبادی والے پنجگور کو بھی یہ سہولت مہیا کی جائے۔ بعدازاں ایوان نے قرارداد منظور کرلی۔ اجلاس میں عوامی نیشنل پارٹی کے رکن انجینئر زمر ک خان اچکزئی نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہرگاہ کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے گیارہ سیکشن افسران (BS-17/19)سال 2008سے وفاقی سیکرٹریٹ اسلام آباد کی مختلف وزارتوں اور ڈویژنز میں ڈیپوٹیشن کی بنیاد پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور اس دوران وفاقی انتظامی امور، پالیسی سازی اور سیکرٹریٹ کے طریقہ کار میں وسیع تجربہ حاصل کرچکے ہیں اورچونکہ وزیراعظم پاکستان نے 25اگست2008ء اور بعد ازاں سال 2013ء میں متعلقہ افسران کی آفس مینجمنٹ گروپ (OMG)میں شمولیت کے معاملے کی منظوری دی تھی جبکہ OMGکے رول7(C)کے تحت مقررہ شرائط و ضوابط کی تکمیل سے مشروط براہ راست شمولیت کی گنجائش بھی موجودہے واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نے بھی 24اگست2015ء کو اس معاملے کے حل کیلئے وفاقی حکومت سے رجوع کیا تھا تاہم طویل عرصہ گزرنے کے باوجود اس پر حتمی فیصلہ نہیں ہوسکااب وفاقی حکومت کی جانب سے مذکورہ افسران کو واپس بلوچستان حکومت کو رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں جس سے نہ صرف ان کے دیرینہ معاملے کے حل میں مزید پیچیدگیاں پیدا ہونے بلکہ وفاقی سیکرٹریٹ میں صوبہ بلوچستان کی پہلے سے محدود نمائندگی بھی شدید طور پر متاثر ہونے کا خدشہ ہے لہذا یہ ایوان صوبائی حکومت سے سفارش کرتا ہے کہ وفاقی حکومت سے رجوع کرے کہ مذکورہ گیارہ افسران کو حکومت بلوچستان واپس بھیجنے کے حالیہ احکامات پر نظرثانی کرتے ہوئے ان کے معاملے کے حتمی فیصلے تک عملدرآمد موخر کیا جائے اور وزیراعظم پاکستان کی جانب سے 2008اور 2013ء میں دی گئی منظوریوں اور متعلقہ ریکارڈ کو مدنظررکھتے ہوئے ان کے زیرالتواء معاملے کو فوری طور پرمنطقی انجام تک پہنچایا جائے تاکہ وفاقی سیکرٹریٹ میں بلوچستان کی موثر نمائندگی اور وفاقی اکائیوں کے مابین انتظامی توازن کو برقرار رکھنے کے لئے مذکورہ افسران کے طویل تجربے اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے استفادہ یقینی بنایا جائے۔قرارداد کی موضونیت پر بات کرتے ہوئے انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ بلوچستان سے 2008اور اس سے قبل افسران کو ڈیبوٹیشن پر بلایا گیا انہیں وفاق میں ضم کرنے کے لیے سمری بھی بھیجی گئی اب کئی سال بعد ان افسران کو دوبارہ بھیجا جارہا ہے ان کے ہم عصر افسران اس وقت 20گریڈ میں ہیں جبکہ یہ افسران آج بھی 17اور 18گریڈ میں ہیں افسران کو وفاقی سروسز میں ضم کیا جائے۔ پارلیمانی سیکرٹری انجینئر مجید بادینی نے بھی قرارداد کی حمایت کی جس کے بعد قرارداد کو منظور کرلیا گیا۔ اجلاس میں حق دو تحریک کے رکن مولانا ہدایت الرحمن نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہرگاہ کہ صحافت کا شعبہ مہذب دنیا میں کسی بھی ریاست کا چوتھا ستون اور معاشرے کی آنکھ قرار دیا جاتا ہے اور صحافت کا شعبہ عوام کے مسائل اجاگر کرنے انہیں حکومتی ایوانوں تک پہنچانے عوام کے حقائق اور ملکی و معاشرتی صورتحال سے باخبر رکھنے میں نمایاں کردارادا کرنے کے ساتھ عوام کے مفادات کا تحفظ کرتا ہے یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ بلوچستان میں صحافت کا شعبہ اسوقت ہمہ وقت مشکلات کا شکار اور صحافیوں و میڈیا ورکرز کو مختلف حوالوں سے شدید مشکلات و پریشانی کا سامنا ہے صرف گزشتہ چند سال کے دوران کوئٹہ میں مختلف قومی ٹی وی چینلز کے 11بیورو دفاتر بند کردیئے گئے ہیں جبکہ متعدد ٹی وی چینلز کی مکمل طور پر نمائندگی بھی ختم ہوگئی ہے حالانکہ قواعد کے تحت قومی سطح کے میڈیا ٹی وی چینلز کے چاروں صوبائی دارالحکومت میں بیورو دفاتر کاقیام ضروری ہے بیورو دفاتر کی بندش سے ایک جانب بلوچستان کی قومی سطح پر نمائندگی انتہائی کم ہوتی جارہی ہے اب یہ نمائندگی مزید کم ہوتی جارہی ہے خدشہ ہے کہ دیگر ٹی وی نیوز چینلز بھی اس راستے کو اپنا کربیورو دفاتربند کردیں جس سے بلوچستان سے میڈیا کا صفایا ہوجائے گا مختصرمدت میں بلوچستان سے بیورو دفاتر کی بندش،ٹی وی چینلز اور اخبارات سے ڈاؤن سائزنگ کے نتیجے میں ابتک 122سے زائد صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو ملازمتوں سے جبری طور پر فارغ کردیا گیا ہے اخبار ات اور ٹی وی چینلز میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور تاخیر ادائیگی کا مسئلہ بھی تسلسل سے جاری ہے جس سے صحافی اور میڈیا ورکرز مالی مشکلات کا شکار ہوکر اس شعبے سے کنارہ کشی اختیارکرنے پر مجبور ہیں لہذا یہ ایوان صوبائی حکومت سے سفارش کرتا ہے کہ وہ وفاقی حکومت سے رجوع کرے کہ کوئٹہ میں بند ہونے والے تمام ٹی وی چینلز کے بند کئے گئے بیورو دفاتر دوبارہ فعال اور جبری طورپر برطرف کئے گئے ملازمین کی بحالی کیلئے اقدامات اٹھائے جائے نیز یہ ایوان صوبائی حکومت سے یہ بھی سفارش کرتا ہے کہ بلوچستان سے شائع ہونے والے اخبارات جنہیں صوبائی حکومت اشتہارات کی مد میں سالانہ کروڑوں روپے ادا کرتی ہے ان اخبارات سے ملازمین کی جبری برطرفیوں تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا نوٹس لیتے ہوئے تمام اخبارات کے اشتہارات کو ملازمین کی مستقل بنیادوں پرتقرریوں تنخواہوں کی بینک کے ذریعے ادائیگی اور حکومت کی جانب سے مقرر کردہ کم سے کم ماہانہ اجرت سے مشروط کیا جائے مزید برآں ڈیجیٹل میڈیا کے لئے اشتہارات کو بھی ان اداروں میں مستقل بنیادوں پرملازمین کی تقرریوں سے مشروط کیا جائے اور فیک نیوز جسے صحافتی برادری بھی مستردکرتی ہے ایسے قوانین کو بنیاد بناکر آزادی صحافت پر پابندیاں عائد کرنے کی بجائے صوبے میں آزادی صحافت کو یقینی بنایا جائے۔ بی اے پی کی رکن فرح عظیم شاہ نے تجویز دی کہ قرارداد کو پورے ایوان کی مشترکہ قرار داد قرار دیا جائے۔ نیشنل پارٹی کے رکن ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ دنیا بھر میں ریاستی ستونوں کی اہمیت ہوتی ہے کیا ہمارا معاشرہ آج بھی وہی ہے فلاحی ریاست ہے جس کا قائد اعظم نے 11اگست کو درس دیا تھا لیکن آج ہم سیکورٹی اسٹیٹ بن گئے ہیں،9سے 10سال ملک میں آئین نہیں تھا 10سال میں 7سے 8وزراء اعظم تبدیل کیے گئے بدقسمتی ہے کہ ملک میں 4مارشل لاء نافذ ہوئے، 3آئین مسلط ہوئے،ادارے ہوش کے ناخن نہیں لے رہے آج ملک میں عدلیہ، پارلیمنٹ، میڈیا آزاد نہیں ادارے مفلوج ہوچکے ہیں عوام کو ووٹ کا حق نہیں اس وقت جو میڈیا کے ساتھ ہورہا ہے وہ بلوچستان کے عوام کے ساتھ ذیادتی ہے 12ادارے بند کر کے 122کارکنوں کو نکال دیا گیا یہ سنجیدہ مسئلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ صحافی احتجاج پر ہیں ہم صحافیوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں ہماری پارٹی 23اور 24کے صحافیوں کے احتجاج میں شریک ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ لک پاس ٹنل پر کسٹم اور ایف سی کا سلوک ناقابل برداشت ہے ٹنل کو عوام کے لیے عذاب نہ بنایا جائے۔ بی این پی عوامی کے رکن میر اسد اللہ بلوچ نے کہا کہ مرکز بلوچستان کا 30ہزار ارب کا قرض دار ہے 120صحافیوں کو نکال کر ہمیں کیا پیغام دیا جارہا ہے کیا بلوچستان کی صرف معدنیات اہم ہیں صوبے کا استحصال ہورہا ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے رکن انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ میڈیا ریاست میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اگر صحافت کو نظر انداز کیا جائے تو اس سے بلوچستان کے حقیقی مسائل سامنے نہیں آسکیں گے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں صحافی مشکل حالات میں فرائض سرانجام دے رہے ہیں بلوچستان کا میڈیا کمزور ہے صوبے کو چینلز پر کوریج نہیں ملتی۔صوبائی وزیر میر ظہور بلیدی نے کہا کہ بلوچستان کے صحافی قسم پرسی کا شکار ہیں ماضی میں جب وزیر اطلاعات بنا تو صوبے کے تمام پریس کلبز کو گرانٹ دی۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کو بلوچستان کا مثبت چہرہ دیکھانے کی ضرورت ہے حکومت میڈیا اداروں کو کروڑوں روپے کے اشتہارات دیتی ہے ہم ان اداروں سے گزارش کریں گے کہ صحافیوں کو دوبارہ روزگار دیں۔ صوبائی وزیر میر سلیم کھوسہ نے کہا کہ صحافیوں کا بلوچستان میں اہم کردار ہے انہوں نے ہمیشہ ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے صحافیوں کے مسائل پر ان کے ساتھ ہیں۔بعدازاں ایوان نے قرارداد منظور کرلی۔ اجلاس میں پوائنٹ آف آرڈر پر رکن اسمبلی سنجے کمار نے کہا کہ ایوان میں بندیہ کماری کے لیے آواز اٹھائی تھی احتجاج کے بعد بندیہ کماری عدالت میں پیش ہوگئی ہے اور اسکا موقف بھی آگیا ہے معاملے کی شفاف تحقیقات ہونی چاہیے۔بعدازاں بلوچستان اسمبلی کا اجلاس پیر تک کے لیے ملتوی کردیا گیا۔
بلوچستان اسمبلی اجلاس،عوامی اور صحافتی مسائل سے متعلق اہم قراردادیں منظور

ٹیگز:
بلوچستان اسمبلی اجلاس
