ریاض(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان نے سعودی عرب کے مقدس اور تاریخی شہر مدینہ منورہ میں شہری بجلی تنصیب پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
گزشتہ روزسعودی اتحادی فوج کے ترجمان نے بتایا تھا کہ حوثیوں نے مدینہ منورہ کے گرڈ اسٹیشن پر ڈرون حملہ کیا جس کے باعث کئی ٹرانسفارمرز بند ہو گئے۔ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان مدینہ منورہ میں 29 ستمبر کو طیبہ بجلی تقسیم کار اسٹیشن پر حوثی ملیشیا کے حملے کی شدید مذمت کرتا ہے، نبی کریمﷺ کی مسجدِ اقدس کو بجلی فراہم کرنے والے شہری انفرااسٹرکچر پر حملہ انتہائی قابلِ مذمت اقدام ہے۔
انہوں نے کہا کہ حملہ دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کے لیے شدید تشویش اور دکھ کا باعث ہے، مساجدِ حرمین شریفین کا تقدس اور نمازیوں و زائرین کی سلامتی ہر حال میں یقینی بنائی جانی چاہیے۔پاکستان نے ایسے غیر ذمہ دارانہ اقدامات کے فوری اور غیر مشروط خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات علاقائی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں، پاکستان برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وہ سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے مکمل حمایت جاری رکھے گا، حرمین شریفین کے تحفظ، سعودی عوام اور زائرین کی سلامتی کے لیے سعودی عرب کے اقدامات کی بھرپور حمایت کرتے ہیں،پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سعودی اتحادی فوج کے ترجمان کرنل المالکی نے میڈیا کو بتایا کہ یہ حملہ 29 ستمبر بروز منگل صبح سوا 5 بجے کے آس پاس کیا گیا تھا اور اس حملے میں استعمال ہونے والے ڈرون کے ملبے کے تکنیکی جائزے کے بعد حملے میں حوثیوں کے ملوث ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔یمن کی سعودی اتحادی فوج کے ترجمان جنرل ترکی المالکی نے مزید کہا کہ جس بجلی گھر کو نشانہ بنایا گیا اس سے مسجد نبوی کو بھی بجلی فراہم کی جاتی ہے جہاں اب متبادل نظام سے بجلی پہنچائی جا رہی ہے۔
ترجمان سعودی اتحادی فوج نے مدینہ پر حملے کے واقعے کو مقدس مقامات کو نشانہ بنانے اور مسلمانوں کو اشتعال دلانے کی حوثی کوششوں کا حصہ قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ حرمین شریفین اور زائرین کے تحفظ کے لیے اقدامات جاری رکھیں گے۔دوسری جانب حوثیوں کے زیر انتظام خبر رساں ادارے سبا کے مطابق حوثی فوجی ذرائع نے سعودی اتحاد کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے اسے سفید جھوٹ قرار دیا ہے۔
خلیج تعاون کونسل کی جانب سے بھی حوثیوں کے حملے پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے ۔خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل جاسم البدیوی کا کہنا ہے کہ حوثیوں کا یہ مجرمانہ حملہ تمام ریڈ لائنز کو عبور کر گیا ہے۔ یہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کے لیے کھلا اشتعال ہے۔ اسلامی مقدس مقامات کی حرمت کی سنگین خلاف ورزی میں ایک خطرناک تجاوز ہے۔جاسم البدیوی نے مزید کہا کہ مملکت سعودی عرب کی سلامتی اور اس کے مقدس مقامات کی سلامتی خلیج تعاون کونسل کے ممالک کی سلامتی کا ناقابل تنسیخ حصہ ہے۔ سعودی عرب کے لیے کوئی بھی خطرہ کونسل کے تمام ممالک کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔

