کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے تحصیل صدر کے کمیٹی کا اجلاس تحصیل سیکرٹری نعیم پیر علیزئی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلا س میں برصغیر پاک وہند اور پشتونخوا وطن کی آزادی کے قافلے کے عظیم سالار خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی شہادت کی 53ویں برسی کے موقع پر 2دسمبر میں کوئٹہ میں جلسہ عام کی تیاری اور 22نومبر کو تحصیل صدر کانفرنس کی تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ اجلاس میں پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا، صوبائی سیکرٹری پارلیمانی امور ایڈووکیٹ حضرت عمر اچکزئی، صوبائی رابطہ سیکرٹری گل خلجی، صوبائی لیبر سیکرٹری حبیب الرحمن بازئی، ضلعی معاونین ملک اعظم بازئی، اکرم خان خلجی، ادریس خان اچکزئی، اکبر خروٹی، رفیع اللہ، ضلع کمیٹی کے اراکین سردار بہادر خان موسیٰ خیل، عصمت ترين ، عظیم دوتانی، حاجی امیر، تحصیل معاونین، تحصیل کمیٹی کے اراکین، علاقائی سیکرٹریز اور سینئر معاونین نے شرکت کی۔اجلاس کی کارروائی تحصیل سینئر معاون سیکرٹری راحت بازئی نے سرانجام دی۔ کانفرنس سے پارٹی رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خان شہید عبدالصمد خا ن اچکزئی کی شہادت کی 53ویں برسی ایسے حالات میں منائی جارہی ہے کہ ملک میں ایک جانب آئین،جمہوریت پائمال ہے اور دوسری جانب ملک اور اس صوبے میں بحیثیت پشتون قوم کی سیالی، برابری کو تسلیم کرنے سے انکار اور ہر شعبہ زندگی میں مکمل طور پر نظر انداز کیا جارہا ہے اور یہ صورتحال پشتونوں کے لیے انتہائی ناقابل برداشت ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے محبوب چیئرمین،تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور ملک جمہوری صف کے عظیم رہنماء محمود خان اچکزئی کی قیادت میں آج بھی ملک میں آئین کی بحالی وبالادستی، پارلیمنٹ کی خودمختاری، قوموں کی برابری پر مبنی حقیقی جمہوری فیڈریشن کے قیام، ملک کے تمام اداروں کی آئینی حدود میں رہتے ہوئے اپنے فرائض کا پابند بنانے، ملک میں متصل پشتون علاقوں پر متحدہ پشتون قومی صوبے کے قیام کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خان شہید کی لازوال جدوجہد وقربانیاں پارٹی کارکنوں کے لیے مشعل راہ ہیں، پارٹی کے تمام کارکنان خان شہید کی برسی کے جلسہ عام کی بھرپور تیاری کرتے ہوئے شب وروز اس کے لیے محنت کریں اور گھر گھر عوام تک پیغام پہنچائیں اور انہیں دعوت دیں کہ وہ جلسہ عام میں شرکت کرکے خان شہید کی قومی، وطنی، سیاسی، ادبی، صحافتی، جمہوری خدمات پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے اپنا مثبت، تعمیری، قومی،سیاسی، جمہوری کردارا دا کریں اور جلسہ عام کو کامیاب بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ 22نومبر بروز اتوار دوپہر 2بجے صدر تحصیل کانفرنس منعقد کی جائے گی اور کانفرنس کے تمام مندوبین، مبصرین بروقت شرکت کو یقینی بنائیں۔ کانفرنس کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہے اور پارٹی کی تنظیمی سیاسی فعالیت کو مزید دوبالا کرنے، پارٹی آئین ومنشور کے تحت جمہوری عمل میں صدر تحصیل کانفرنس اور نئی کابینہ کی تشکیل سے ضلع کوئٹہ میں پارٹی مزید منظم ہوگی۔
پشتونوں کی ہر شعبہ زندگی میں نظر اندازی ناقابل برداشت ہے، پشتونخوامیپ

ٹیگز:
پشتونخوامیپ
