پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے شیخان علاقائی یونٹ کی کانفرنس پارٹی کے ضلعی سینئر معاون سیکرٹری ندا سنگر کی صدارت میں منعقد ہوئی، جس میں پارٹی کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی رہنماؤں، کارکنوں اور مندوبین نے شرکت کی۔کانفرنس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد پارٹی ترانے کے احترام میں تمام شرکاء کھڑے ہوگئے۔کانفرنس میں شیخان علاقائی یونٹ کی گزشتہ 40 ماہ کی سیاسی، تنظیمی اور اجتماعی سرگرمیوں پر مشتمل رپورٹ علاقائی سینئر معاون سیکرٹری جبار خان مندوخیل نے پیش کی، جس کا مندوبین اور شرکاء نے تفصیلی جائزہ لینے کے بعد مکمل اتفاق رائے سے منظوری دی۔بعدازاں نئے علاقائی ایگزیکٹو کا انتخاب عمل میں لایا گیا، جس کے تحت انیس خان تاجک کو علاقائی سیکرٹری اور جبار خان مندوخیل کو سینئر معاون منتخب کیا گیا، جبکہ مجموعی طور پر 13 رکنی علاقائی ایگزیکٹو تشکیل دیا گیا۔ نظارت کے فرائض پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری رحمت اللہ صابر نے کی۔نومنتخب کابینہ سے پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اول فقیر خوشحال کاسی نے حلف لیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ نئی کابینہ پارٹی کے آئین، منشور، نظریے اور تنظیمی فیصلوں کے مطابق اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے قومی اور سیاسی جدوجہد کو مزید مضبوط بنائے گی۔کانفرنس سے پارٹی کے مرکزی سینئر سیکرٹری سید عبدالقادر آغا، صوبائی سیکرٹری فقیر خوشحال کاسی، صوبائی مالیات سیکرٹری سید اکبر کاکڑ، صوبائی آفس سیکرٹری ندا سنگر اور صوبائی ڈپٹی سیکرٹریوں رزاق خان بڑیچ، محمود ریاض، پروفیسر اسد ترین اور نیک زیارکش نے خطاب کیا۔مقررین نے اپنے خطاب میں پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے قومی، سیاسی، جمہوری اور تنظیمی مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پشتونخوا نیپ ایک قومی، جمہوری، ترقی پسند اور عوامی سیاسی جماعت ہے، جو پشتون قومی تحریک کی تاریخی جدوجہد، فکری نظریات اور سیاسی اصولوں کی روشنی میں پشتون قوم کے قومی تشخص، قومی وحدت، قومی خودمختاری، سیاسی، معاشی، سماجی اور ثقافتی حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پشتون قوم کو درپیش موجودہ سیاسی، معاشی اور سماجی مشکلات کا بنیادی سبب قومی وسائل پر اختیار سے محرومی، سیاسی بے اختیاری، آئینی حقوق کی پامالی، بدامنی، دہشت گردی، بے روزگاری، غربت اور ریاستی پالیسیوں میں پشتونخوا وطن کو مسلسل نظرانداز کرنا ہے۔

پشتونخوا نیپ سمجھتی ہے کہ کسی بھی قوم کی حقیقی ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے ضروری ہے کہ اسے اپنے قومی وسائل، سرزمین، قدرتی ذخائر، معدنیات، تجارت اور معاشی سرگرمیوں پر آئینی اور جمہوری اختیار حاصل ہو۔مقررین نے واضح کیا کہ پشتونخوا وطن میں پائیدار امن کا قیام، دہشت گردی اور بدامنی کا خاتمہ، عوام کے جان و مال کا تحفظ، سیاسی و جمہوری آزادیوں کی ضمانت اور تمام ریاستی اداروں کی آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے فرائض کی انجام دہی ناگزیر ہے۔ عوام کو مسلسل بدامنی، جبری گمشدگیوں، ٹارگٹ کلنگ، معاشی استحصال اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے نجات دلانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پشتونخوا نیپ اٹھارویں آئینی ترمیم، پارلیمانی جمہوریت، آئین کی بالادستی، پارلیمنٹ کی خودمختاری، صوبائی خودمختاری اور تمام قوموں کے مساوی قومی حقوق کی حامی ہے۔ پاکستان میں آباد تمام اقوام کے درمیان برابری، باہمی احترام اور جمہوری اصولوں پر مبنی رضاکارانہ وفاقی نظام ہی ملک کے سیاسی استحکام اور قومی یکجہتی کی بنیاد بن سکتا ہے۔مقررین نے مزید کہا کہ پشتونخوا نیپ کی جدوجہد کسی ایک فرد، گروہ یا مخصوص مفاد کے لیے نہیں بلکہ پوری پشتون قوم اور مظلوم عوام کے اجتماعی حقوق کے حصول کے لیے ہے۔ پارٹی کا سیاسی و تنظیمی نظام جمہوری اصولوں، اجتماعی قیادت، مشاورت، تنظیمی نظم و ضبط، میرٹ اور پارٹی آئین و منشور کے مطابق چلایا جاتا ہے۔ پارٹی میں کسی بھی عہدے یا ذمہ داری کی بنیاد ذاتی تعلقات، گروہی وابستگی یا شخصی پسند و ناپسند نہیں بلکہ سیاسی جدوجہد، تنظیمی صلاحیت، نظریاتی وابستگی اور پارٹی کے اجتماعی فیصلے ہیں۔انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ قومی تحریک کے فکری اور نظریاتی شعور کو عام کرنے، عوام کے ساتھ مضبوط رابطہ قائم کرنے، نوجوانوں کو سیاسی عمل میں شریک کرنے اور پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مزید فعال اور مستحکم بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کریں۔مقررین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پارٹی کی مضبوطی کا انحصار انفرادی سرگرمیوں کے بجائے اجتماعی جدوجہد، باہمی اتحاد، تنظیمی نظم و ضبط، جمہوری طرز عمل اور پارٹی کے آئین و منشور پر عملی کاربند رہنے میں ہے۔ تمام کارکنوں کو چاہیے کہ وہ پارٹی کے فیصلوں کا احترام کریں اور ذاتی اختلافات اور گروہی رجحانات سے بالاتر ہوکر قومی اور تنظیمی مقاصد کے حصول کے لیے متحد ہوکر جدوجہد کریں۔آخر میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی اپنے قومی، جمہوری، سیاسی اور تنظیمی پروگرام کو مزید وسعت دیتے ہوئے پشتون قوم کے قومی حقوق، قومی وحدت، امن، ترقی، خوشحالی اور عوام کی حقیقی جمہوری حکمرانی کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
پشتون قوم کو اپنے قومی وسائل اور قدرتی ذخائر پر آئینی و جمہوری اختیار ملنا چاہیے، پشتونخوا نیپ

ٹیگز:
پشتونخوا نیپ
