کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر میں صفائی کی ابتر صورتحال انتہائی تشویشناک اور افسوسناک ہے۔ صفائی کے نام پر چلنے والا پروجیکٹ بدانتظامی اور مبینہ کرپشن کی نذر ہوچکا ہے جبکہ اس کی ذیلی انتظامیہ عوام کو حقائق کے برعکس تصویر دکھانے میں مصروف ہے۔ شہر کے بیشتر علاقوں، گلی محلوں اور رہائشی آبادیوں میں کچرے کے ڈھیر لگ چکے ہیں، مگر صفائی کا کوئی مؤثر نظام نظر نہیں آتا۔ صرف مرکزی اور وی آئی پی شاہراہوں پر فوٹو سیشن اور نمائشی سرگرمیوں کی حد تک صفائی کرکے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، جبکہ عام شہری گندگی، تعفن اور بیماریوں کے خطرات کا سامنا کر رہے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ جب تک میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کو مکمل طور پر فعال نہیں کیا جاتا اور بلدیاتی اداروں کو ان کے اختیارات اور ذمہ داریوں کے ساتھ بحال نہیں کیا جاتا شہر میں صفائی اور شہری سہولیات کی صورتحال مزید خراب ہوتی رہے گی۔ مقامی مسائل کا مؤثر حل صرف وہی عوامی نمائندے پیش کرسکتے ہیں جو اپنے علاقوں، عوام کی ضروریات اور بنیادی مسائل سے براہِ راست آگاہ ہوتے ہیں۔ نجی پروجیکٹس اور عارضی انتظامات عوامی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔جبکہ بلدیاتی اداروں کے قیام میں رکاوٹیں ڈالنے والے عناصر موجودہ بحران اور عوام کو درپیش مشکلات کے ذمہ دار ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کو صرف دو دن قبل ملتوی کرنا کوئٹہ کے چالیس لاکھ عوام کے جمہوری، آئینی اور بنیادی حقوق پر ایک سنگین ضرب تھی۔ اس سے قبل بھی سالہا سال کوئٹہ کو بلدیاتی نظام سے محروم رکھا گیا جس کے دوران ترقیاتی اور شہری خدمات کے لیے مختص کروڑوں اور اربوں روپے کرپشن کی نذر ہوتے رہے۔ اب ایک مرتبہ پھر بلدیاتی نظام کو مؤخر کرکے عوام کو ان کے حقِ نمائندگی سے محروم رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے۔بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ شہر میں بڑھتے ہوئے صفائی کے بحران کا فوری نوٹس لیا جائے، کچرے کے ڈھیروں کو ہنگامی بنیادوں پر اٹھایا جائے، صفائی کے نظام کو مؤثر اور شفاف بنایا جائے اور میٹروپولیٹن کارپوریشن سمیت تمام بلدیاتی اداروں کو فعال کرکے عوامی نمائندوں کو ان کا جائز کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کیا جائے۔ کیونکہ کوئٹہ کے عوام مزید غفلت، نمائشی اقدامات اور ناکام پالیسیوں کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ شہریوں کو صاف، صحت مند اور باوقار ماحول فراہم کرنا حکومت اور متعلقہ اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے جسے ہر صورت یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داریوں میں شامل ہیں۔
کوئٹہ شہر کچروں کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکا ہے، پشتونخوامیپ

ٹیگز:
پشتونخوامیپ
