تربت (ڈیلی گرین گوادر) جامعہ تربت کی انسٹیٹیوشنل اسکالرشپ ایوارڈ کمیٹی کے تحت نوجوان خواتین و طالبات کے لیے اسکاٹ لینڈ پاکستان اسکالرشپ سکیم کے امیدواروں کے انٹرویوز کئے گئے۔ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت پرو وائس چانسلر ڈاکٹر کمال احمد نے کی۔ اجلاس میں رجسٹرار گنگزار بلوچ، ڈائریکٹر فنانس شاہ بیک سید، چیئرمین شعبہ کیمسٹری ڈاکٹر ظفر علی، چیئرپرسن شعبہ ایجوکیشن رقیہ میروانی اور انچارج فنانشل ایڈ آفس ڈاکٹر بدل خان نے شرکت کی۔ اس سلسلے میں متعلقہ شعبوں اور تعلیمی پروگراموں کی طالبات کمیٹی کے سامنے پیش ہوئیں۔ اس موقع پر پرو وائس چانسلر ڈاکٹر کمال احمد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس اسکالرشپ کا بنیادی مقصد ان باصلاحیت اور مستحق طالبات کو مالی معاونت فراہم کرنا ہے جنہیں اعلیٰ تعلیم کے حصول میں مالی مشکلات کا سامنا ہے، تاکہ وہ اعلی تعلیم حاصل کر کے ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا موثر کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جامعہ تربت کے مستحق اور ہونہار طلبہ و طالبات کی ایک بڑی تعداد کو دیگر اسکالرشپ پروگراموں کے تحت بھی مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
جامعہ تربت میں اسکاٹ لینڈ پاکستان اسکالرشپ کے امیدواروں کے انٹرویوز مکمل

ٹیگز:
جامعہ تربت
