کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ عوام کے ساتھ ظلم اور امتیازی سلوک کے سوا کچھ نہیں جس کا فوری نوٹس لینا کیسکو کے اعلیٰ حکام اور حکومت کی ذمہ داری ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سبی، کوئٹہ، پشین،زیارت، ہرنائی، دکی، موسیٰ خیل،لورالائی، ژوب، شیرانی، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، چمن ودیگر اضلاع وعلاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور مسلسل بندش نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ تمام علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ دن رات جاری ہے جس کے باعث لاکھوں صارفین شدید ذہنی کوفت، پریشانی اور مشکلات کا شکار ہیں۔ گھریلو امور، کاروباری سرگرمیاں، طلبہ کی تعلیم اور روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو چکی ہے مگر متعلقہ حکام صورتحال پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام نظر آتے ہیں۔ جان بوجھ کر بیشتر فیڈرز پر طویل اور غیر اعلانیہ بجلی بندش معمول بن چکی ہے۔ متعلقہ ذیلی انتظامیہ اور عملہ جان بوجھ کر ٹرانسفارمرز کی خرابیوں کو بروقت دور نہیں کرتے،پرانے ٹرانسفارمرز کی جگہ نئے تنصیب نہیں کیئے جارہے ہیں، مختلف علاقوں میں ٹی آف کرکے بجلی کی ترسیل میں غیر ضروری رکاوٹیں پیدا کی جاتی ہیں اور اپنی نااہلی، ریکوری میں ناکامی کو چھانے کے لیے شہریوں کو مسلسل اذیت کا شکار بنایا جارہا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ صورتحال اس حد تک سنگین ہو چکی ہے کہ شکایات درج کرانے کے لیے فراہم کیے گئے نمبرز عملی طور پر غیر فعال ہیں جبکہ متعلقہ دفاتر میں عوام کے مسائل سننے اور حل کرنے کے لیے کوئی ذمہ دار افسر یا اہلکار موجود نہیں ہوتا۔ شہری دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں لیکن ان کی داد رسی کرنے والا کوئی نہیں۔ اسی طرح چند مخصوص وی آئی پی علاقوں کو چھوڑ کر کوئٹہ کی لاکھوں کی گنجان آبادیاں شدید لوڈشیڈنگ اور بجلی کی بندش کا شکار ہیں، جو صارفین کے ساتھ کھلی ناانصافی اور امتیازی سلوک کے مترادف ہے۔ عوام بجلی کے بھاری بھرکم بل ادا کرنے کے باوجود بنیادی سہولت سے محروم ہیں۔بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت اور کیسکو کوئٹہ سمیت مذکورہ بالا تمام اضلاع میں جاری غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا فوری نوٹس لیکر تمام خراب ٹرانسفارمرز اور تکنیکی مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرکے شکایتی نظام کو فعال بنانے اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں تاکہ عوامی مشکلات کا فوری ازالہ ہوسکیں اوربجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے عوام کو نجات حاصل ہو۔
بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ وبندش عوام کے ساتھ ظلم وامتیازی سلوک کے مترادف ہے، پشتونخوامیپ

ٹیگز:
پشتونخوامیپ
