کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)گورنر بلوچستان میر جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ جمہوری اقدار کے فروغ اور اچھی حکمرانی کو یقینی بنانے میں رموز سیاست سے باخبر، ذمہ دار اور عوام کو جوابدہ سیاستدان کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سیاست کا مقصد محض اقتدار کا حصول اور سستی مقبولیت برقرار رکھنا نہیں بلکہ عوامی ذمہ داریوں کو سمجھنا اور انہیں دیانتداری سے پورا کرنا ہے۔ ایک حقیقی عوام دوست سیاستدان اپنے کردار کو عملی اقدامات اور عوامی خدمت سے ثابت کرتا ہے۔ گورنر نے کہا کہ قوموں کی تقدیر بدلنے اور ملکوں کو سماجی پسماندگی سے نجات دلا کر معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں عوام دوست سیاست اور سیاستدانوں کا کردار تمام ترقی یافتہ ممالک میں نمایاں رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام میں حقوق و فرائض کا شعور اجاگر کرنے، جاگیردارانہ ذہنیت کے خاتمے اور جمہوری رویوں کے فروغ کا سہرا بھی سیاسی تنظیموں کو جاتا ہے۔ جمہوریت کا اصل حسن یہی ہے کہ اختلاف کو دشمنی کے بجائے معاشرے کی فکری وسعت اور اجتماعی ترقی کا ذریعہ سمجھا جائے۔ انہوں نے اس بات کو خوش آئند قرار دیا کہ عوام بالخصوص ووٹرز اب بہت باشعور ہو چکے ہیں۔ انتخابات کے وقت وہ خاندانی وابستگی، جذباتی نعروں، ذاتی تعلقات یا وقتی وعدوں سے متاثر ہونے کے بجائے امیدوار کے کردار، جمہوری رویے، سیاسی بصیرت، تجربے اور عوامی مسائل کے بارے میں اسکی سنجیدگی کو ترجیح دیتے ہیں۔ گورنربلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے سنجیدگی، تجربہ، خدمت خلق کا جذبہ اور عملی وابستگی ناگزیر ہیں۔
سیاست کا مقصد محض اقتدار کا حصول نہیں بلکہ عوامی خدمت ہے،گورنر بلوچستان

ٹیگز:
گورنر بلوچستان
