زیارت(ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ اسلام کے مقدس نام پر سیاست کرنے والوں نے پشتونخوا وطن میں علم، تعلیم اور ترقی پسندی کی مخالفت کی، جس کے باعث پشتون قوم کو خوشحال اور پرامن زندگی کے راستے سے دور رکھا گیا۔ضلع زیارت کے علاقے ورچوم میں عوامی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان ہی جماعتوں نے قومی جدوجہد کو اسلام کے ساتھ جوڑ کر غلط طور پر پیش کیا اور آج وہی لوگ مائنز اینڈ منرل ایکٹ اسمبلی سے منظور کروا کر پشتون و بلوچ اقوام کے وسائل وفاق کے حوالے کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی عدالتوں کا رخ کرکے عوام کو فریب میں مبتلا کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ الاٹمنٹ کے موجودہ قوانین کسی صورت قابل قبول نہیں اور کسی غیر پشتون یا غیر پدری مالک کے نام پر زمینوں کی بوگس الاٹمنٹ اور قبضہ گیری کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔خوشحال کاکڑ نے تمام قوم پرست جماعتوں سے اپیل کی کہ تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر قومی اتحاد اور مشترکہ جدوجہد کا راستہ اپنایا جائے، کیونکہ موجودہ صورتحال کا حل کسی ایک جماعت کے بس کی بات نہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کو اسلام کے نام پر دھوکہ دے کر بدترین غربت، بھوک اور مسافری کی زندگی پر مجبور کیا گیا۔ انہوں نے سیاسی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ منفی رویوں اور سوشل میڈیا کی بدتمیزی سے گریز کرتے ہوئے منظم، باشعور اور علمی کارکن کے طور پر عوام میں شعور پیدا کریں۔
مائنز ایکٹ سے پشتونوں کا حق چھینا گیا،اسلام کے مقدس نام پر قوم دشمنی کی سیاست ناقابل برداشت ہے، خوشحال کاکڑ

