کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان ہائی کورٹ نے صوبائی اسمبلی سے منظور شدہ مائنز اینڈ منرلز ایکٹ کے خلاف دائر آئینی درخواستوں کو یکجا کر کے سننے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ، جسٹس جناب روزی خان بڑیچ اور جسٹس جناب سردار احمد حلیمی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔سینئر قانون دان محمد ریاض احمد ایڈووکیٹ کے مطابق یہ آئینی درخواستیں سابق سینیٹر نوابزادہ لشکری رئیسانی اور نیشنل پارٹی کے سربراہ و سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی جانب سے دائر کی گئی تھیں۔عدالت نے دورانِ سماعت تمام متعلقہ درخواستوں کو یکجا کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے مزید سماعت آئندہ پیر، 21 جولائی 2025 تک ملتوی کر دی ہے۔ عدالت کا کہنا ہے کہ کیس کی اہمیت کے پیش نظر یکجا کارروائی ضروری ہے تاکہ قانون کی تشریح اور اعتراضات کا مشترکہ طور پر جائزہ لیا جا سکے۔
بلوچستان ہائی کورٹ ،مائنز اینڈ منرلز ایکٹ کیخلاف تمام درخواستیں یکجا کر کے سننے کا فیصلہ

