کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ بورڈ کے دسویں اجلاس میں صوبے میں سرمایہ کاری، مالیاتی خدمات اور صنعتی ترقی کے فروغ کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بلوچستان کی پہلی انشورنس کمپنی قائم کرنے کی منظوری دے دی گئی، جبکہ ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی میں لو بی ٹی یو گیس سے فرٹیلائزر کمپلیکس قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ دو ارب روپے کی ابتدائی لاگت سے بلوچستان میں رجسٹرڈ بلوچستان انشورنس کمپنی لمیٹڈ قائم کی جائے گی۔ اس کمپنی کے قیام سے صوبے کے سرکاری اداروں اور مقامی شہریوں کو انشورنس کی بہتر اور معیاری سہولیات مقامی سطح پر دستیاب ہوں گی۔ اس اقدام سے صوبے میں مالیاتی خدمات کے شعبے کو وسعت دینے اور سرمایہ کاری کے نئے امکانات پیدا کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت انشورنس کمپنی کا قیام صوبے میں مالیاتی خدمات کے فروغ اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔ حکومت بلوچستان نجی شعبے کے اشتراک سے ایسے منصوبوں پر کام کر رہی ہے جن کے ذریعے صوبے کی معاشی استعداد سے بھرپور استفادہ کیا جا سکے اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں نجی شعبے کی شراکت داری کو فروغ دے کر معاشی سرگرمیوں میں وسعت اور پائیدار ترقی کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔ اجلاس میں ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی میں لو بی ٹی یو گیس کو بروئے کار لاتے ہوئے فرٹیلائزر کمپلیکس کے قیام پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس منصوبے سے مقامی قدرتی وسائل کے مؤثر استعمال کے ساتھ صنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور مقامی آبادی کے لیے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔ فرٹیلائزر کمپلیکس کے قیام سے علاقے میں تجارتی سرگرمیوں میں اضافے اور متعلقہ شعبوں میں معاشی مواقع پیدا ہونے کی بھی توقع ہے۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے اور ان وسائل کو مقامی سطح پر صنعتی ترقی، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے استعمال کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی کوشش ہے کہ قدرتی وسائل سے حاصل ہونے والے معاشی فوائد میں مقامی آبادی کو بھی بھرپور حصہ ملے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے راستے کھلیں۔ سوئی میں فرٹیلائزر کمپلیکس کا قیام اسی سوچ کے تحت ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے علاقے میں صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں معاشی ترقی کے لیے ایسے منصوبوں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے جن میں سرکاری اور نجی شعبہ مشترکہ طور پر سرمایہ کاری کرے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے دستیاب وسائل، نجی شعبے کی مہارت اور سرمایہ کاری کی صلاحیت کو یکجا کرکے ترقیاتی منصوبوں کو عملی شکل دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منظور شدہ منصوبوں پر پیش رفت کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے تاکہ ان کے ثمرات جلد عوام تک پہنچ سکیں۔ اجلاس میں صوبائی وزیر ترقیات و منصوبہ بندی میر ظہور احمد بلیدی، صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان،ت ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی زاہد سلیم، پرنسپل سیکرٹری عمران زرکون، سیکرٹری خزانہ جہانگیر خان، سیکرٹری قانون اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
حکومت بلوچستان کا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت صوبے کی پہلی انشورنس کمپنی قائم کرنے کا فیصلہ

ٹیگز:
حکومت بلوچستان
