اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) بانی پی ٹی آئی عمران خان کے چیف جسٹس کے نام خط پر اپوزیشن رہنماؤں محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس نے مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا اور کہا ہے کہ خط میں بیان کردہ حالات اور جیل میں روا سلوک پر شدید تشویش ہے۔ مشترکہ اعلامیے میں دونوں اپوزیشن لیڈرز نے کہا کہ عمران خان کی صحت، طویل تنہائی اور بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کے الزامات نہایت تشویش ناک ہیں، اہلِ خانہ اور وکلا سے ملاقاتوں پر پابندی اور طبی سہولیات کی عدم فراہمی نظامِ انصاف پر سوالیہ نشان ہے، سابق وزیراعظم کو طبی نگہداشت اور اہلِ خانہ سے ملاقات جیسے بنیادی حقوق کے لیے اعلیٰ عدلیہ سے فریاد کرنا پڑ رہی ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی قیدی کو علاج، انسانی رابطے، وکیل تک رسائی اور منصفانہ سماعت سے محروم رکھنا قابلِ قبول نہیں، عمران خان کی طویل تنہائی اور بیرونی دنیا سے رابطے کی بندش کی تفصیلات انتہائی تکلیف دہ ہیں، زیرِ حراست شخص کو مسلسل ذہنی اور جسمانی اذیت میں مبتلا رکھنا انسانی حقوق اور جیل قوانین کے منافی ہے، ان کے ساتھ جیل میں مبینہ سلوک مصر کے سابق صدر محمد مرسی کے حالات کی یاد دلاتا ہے۔مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ ہر قیدی کی زندگی، صحت اور انسانی وقار کا تحفظ یقینی بنائے، سپریم کورٹ کے 18 اگست 2026 کے حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل نہیں کیا گیا، ماہرین پر مشتمل میڈیکل بورڈ کی تشکیل اور طبی علاج سے متعلق عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں ہوا، بشریٰ بی بی کی بینائی کو لاحق خطرات اور طبی سہولیات میں رکاوٹوں پر بھی شدید تشویش ہے۔محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ بشریٰ بی بی کے طبی ریکارڈ تک رسائی اور مناسب علاج کی فراہمی یقینی بنائی جائے، اعلیٰ عدلیہ عمران خان کے خط میں اٹھائے گئے تمام معاملات کا فوری نوٹس لے، عمران خان کی زندگی، صحت اور بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے مؤثر عدالتی اقدامات کیے جائیں، عمران خان اور بشریٰ بی بی کے تمام مقدمات کی سماعت بلاجواز تاخیر کے بغیر یقینی بنائی جائے۔
عمران خان کی صحت، طویل تنہائی اور بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کے الزامات نہایت تشویش ناک ہیں، محمود خان اچکزئی

ٹیگز:
محمود خان اچکزئی
