لاہور(ڈیلی گرین گوادر)سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی جانب سے 29 نومبر کو مینار پاکستان لاہور پر بڑے عوامی جلسے کے اعلان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، پٹرولیم لیوی، بجلی و گیس کی قیمتوں، کسانوں کی معاشی مشکلات اور عوام پر ٹیکسوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ آٹا، گیس اور بنیادی ضروریاتِ زندگی کی قیمتوں میں اضافے نے خصوصاً متوسط اور کم آمدنی والے خاندانوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔ زراعت کی زبوں حالی اور عوامی مسائل کے حل میں حکومتی ناکامی بھی تشویش ناک ہے۔ ان حالات میں عوامی حقوق کے لیے منظم اور پُرامن جدوجہد کو آگے بڑھانا ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے عوامی مسائل کو قومی سطح پر اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لیے مینار پاکستان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بڑے جلسوں کا اعلان کرکے عوامی آواز کو مؤثر انداز میں سامنے لانے کا راستہ اختیار کیا ہے۔ جماعت اسلامی کی جدوجہد محض احتجاج نہیں بلکہ عوام کو درپیش مسائل کے حل، معاشی انصاف اور بنیادی حقوق کے حصول کی جدوجہد ہے۔ پیٹرولیم لیوی کے خاتمے، عوام کو حقیقی ریلیف کی فراہمی، آئی پی پیز کے ظالمانہ معاہدوں کے خاتمے اور کسانوں کو ان کے حقوق دلانے کے مطالبات پوری قوم کے اہم مسائل ہیں۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے خواتین سے خصوصی اپیل کی کہ وہ 29 نومبر کو مینار پاکستان لاہور کے جلسے میں بھرپور شرکت کریں۔ مہنگائی کا سب سے زیادہ اثر گھر کے بجٹ، بچوں کی تعلیم اور خاندان کی بنیادی ضروریات پر پڑتا ہے، اس لیے خواتین بھی عوامی مسائل کے حل کی جدوجہد میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔ حلقہ خواتین کی ذمہ داران اور کارکنان خواتین تک جلسے کا پیغام پہنچائیں اور انہیں شرکت کی دعوت دیں تاکہ عوامی مسائل کے حوالے سے خواتین کی آواز بھی بھرپور انداز میں سامنے آسکے۔

