کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ہوائی فائرنگ پر پابندی محض کاغذی کارروائی بن کر رہ گئی ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں آئے روز ہوائی فائرنگ کے واقعات رونما ہو رہے ہیں، جنہوں نے اب انسانی جانیں لینا شروع کر دی ہیں۔ تین روز قبل سریاب روڈ چکی شاہوانی میں گھر کے صحن میں کھیلتی ہوئی کمسن بچی بی بی مومنہ اندھی گولی کا نشانہ بن کر شدید زخمی ہوئی، جو اگلے روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ٹراما سینٹر میں دم توڑ گئی۔ پولیس مکمل طور پر بے بس دکھائی دیتی ہے۔ سریاب، سی پیک روڈ ارباب عمران ٹاؤن ٗ عبداللہ ٹاؤن ٗ جوائنٹ روڈ، ارباب کرم خان روڈ، بروبی روڈ، سرکی روڈ، میکانگی، پشتون آباد، ایئرپورٹ روڈ اور اسپنی روڈ سمیت متعدد علاقوں میں اکثر رات گئے ہوائی فائرنگ کی آوازیں سنائی دیتی ہیں، جن سے شہری خوف و ہراس میں مبتلا ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں، متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز ہوائی فائرنگ کو روکنے میں مکمل ناکام ہو چکے ہیں۔ پولیس نہ تو فائرنگ کرنے والوں کو گرفتار کرتی ہے اور نہ ہی کوئی موثر کارروائی عمل میں لاتی ہے۔اہلیانِ کوئٹہ نے وزیراعلی بلوچستان اور آئی جی پولیس سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہوائی فائرنگ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، تھانوں کو متحرک کیا جائے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ عوام نے متنبہ کیا ہے کہ اگر ہوائی فائرنگ پر قابو نہ پایا گیا تو مستقبل میں مزید معصوم جانیں ضائع ہو سکتی ہیں
کوئٹہ میں ہوائی فائرنگ نے معصوم بچی کی جان لے لی

ٹیگز:
کوئٹہ
