کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ عید الفطر کے چوتھے دن سردار مصطفی خان ترین پارک ضلع پشین میں پارٹی کے زیر اہتمام صبح ساڑھے 9بجے جلسہ عام ہوگا۔ جلسہ عام سے پشتونخوامیپ کے چیئرمین وتحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی، پارٹی کے دیگر مرکزی اور صوبائی قائدین خطاب فرمائینگے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ خلیج میں ایران، اسرائیل اور امریکہ کے جنگ اور دوسری طرف پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری جھڑپوں، خطے کی کشیدہ انتہائی نازک صورتحال اور زروزور کے بھونڈے طریقے سے مسلط نااہل ناکام حکومت کے نتیجے میں ملک میں آئین کی پائمالی، عدلیہ کی آزادی سلب کرنے، میڈیا کا گلہ گھونٹنے، مہنگائی، بیروزگاری، ملک کے ناکام داخلہ پالیسی، معیشت کی زبو حالی، جاری سخت ترین بدامنی کی صورتحال اور عوام کے ہر دلعزیز لیڈر عمران خان کی رہائی اور دیگرعوامی مسائل ونکات پر بات ہوگی۔ جلسہ عام ضلع پشین سردار مصطفی خان ترین پارک میں صبح ساڑھے 9بجے شروع ہوگا۔ جلسے میں ضلع پشین اور دیگر علاقوں کے محب وطن، جمہوریت پسند عوام سے شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔
پشتونخواملی عوامی پارٹی کے زیر اہتمام عیدالفطر کے چوتھے روز پشین میں جلسہ عام ہوگا

ٹیگز:
پشتونخواملی عوامی پارٹی
