کوئٹہ(یو این اے )بلوچستان کے ضلع لورالائی کے علاقے سر ڈھاکہ میں نامعلوم مسلح افراد نے دو بسوں کو روک کر 11مسافروں کو شناخت کے بعد اغوا کر لیا۔ لیویز زرائع کے مطابق واقعہ جمعرات کی شب پیش آیا جب مسلح افراد نے ناکہ لگا کر بسوں کو روکا، شناختی کارڈ چیک کیے اور مخصوص افراد کو زبردستی ساتھ لے گئے۔واقعے کے فورا بعد سیکیورٹی فورسز اور لیویز نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کا محاصرہ کیا اور سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ اغوا کیے گئے افراد کی بازیابی کیلئے زمینی اور فضائی نگرانی جاری ہے۔دوسری جانب حکومت بلوچستان کے ترجمان شاہد رند نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ تینوں مقامات پر سیکیورٹی فورسز نے فوری اور بھرپور جوابی کارروائی کی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال اور املاک کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور سیکیورٹی ادارے مکمل طور پر متحرک اور الرٹ ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سر ڈھاکہ میں اغوا ہونے والے مسافروں کی بحفاظت بازیابی کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں اور جلد مثبت پیش رفت کی امید ہے۔قلات، مستونگ اور لورالائی کے علاقوں میں “فتنہ الہند” سے منسلک دہشت گردوں کی جانب سے حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ان حملوں کے بعد حکومتی سطح پر ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
لورالائی،سر ڈھاکہ میں مسلح افراد کا حملہ، بسوں سے 11مسافر اغوا، سرچ آپریشن جاری

