پشاور (ڈیلی گرین گوادر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبائی حکومت نے امن و امان کے قیام کے لیے اپنے ترقیاتی بجٹ میں 35 ارب روپے کی کٹوتی کر کے یہ وسائل پولیس کو فراہم کیے۔
پشاور میں امن و امان سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مالی سال 2026 میں پولیس کی استعداد کار بڑھانے کے لیے وسائل مہیا کیے گئے اور پولیس کے بجٹ میں 103 فیصد اضافہ کیا گیا۔ان کے بقول پولیس کی نفری اور استعداد کار کو مضبوط بنانے، سپیشل برانچ کو مستحکم کرنے اور پولیس کو جدید اسلحہ اور دیگر ضروری آلات فراہم کرنے کے اقدامات جاری ہیں۔
تاہم وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صرف پولیس کو وسائل فراہم کرنے سے مسئلہ حل نہیں ہو گا بلکہ وفاقی حکومت کو اپنی پالیسی میں تبدیلی لانا ہو گی۔انھوں نے کہا کہ وہ 15 اکتوبر 2025 سے مسلسل یہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ گزشتہ 22 برس سے جاری پالیسی کا از سرِ نو جائزہ لیا جائے۔ ان کے مطابق خیبر پختونخوا کے تمام متعلقہ فریقوں، حکومت، انتظامیہ اور پولیس کو اعتماد میں لے کر نئی پالیسی تشکیل دی جانی چاہیے۔
سہیل آفریدی نے دعویٰ کیا کہ اگر ان کی تجویز کردہ پالیسی پر عمل کیا جائے تو 100 دن کے اندر خیبر پختونخوا میں امن قائم کیا جا سکتا ہے، تاہم ان کے بقول صوبے کے سٹیک ہولڈرز کی رائے سننے کے لیے آمادگی نہیں دکھائی جا رہی۔انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کی مرضی اور عوامی مینڈیٹ کے برعکس کوئی اقدام قابل قبول نہیں ہو گا۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ وہ گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ کی دھمکیوں کے باوجود اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

