کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عالمی یومِ خبر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خبر کی بنیادی روح صداقت، سچائی اور حقائق کی درست ترجمانی ہے، موجودہ دور میں تیز رفتار اطلاعات اور سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث صحافت کی ذمہ داری پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج معلومات کی ترسیل چند لمحوں میں دنیا بھر تک پہنچ جاتی ہے، تاہم ہر گردش کرنے والی اطلاع خبر نہیں ہوتی۔ سوشل میڈیا کے دور میں صحافیوں اور میڈیا اداروں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ کسی بھی خبر کو نشر یا شائع کرنے سے قبل اس کے حقائق کی مکمل تصدیق کریں اور غیر مصدقہ اطلاعات کو خبر کا درجہ دینے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ صحافت کا اصل مقصد عوام کو درست، بروقت اور قابلِ اعتماد معلومات فراہم کرنا ہے۔ خبر میں معمولی سی غلطی بھی عوامی رائے، اداروں کی ساکھ اور معاشرے میں موجود اعتماد کو متاثر کر سکتی ہے، اس لیے خبر کی تیاری اور ترسیل میں تحقیق، تصدیق اور ذمہ داری کو بنیادی اصول کی حیثیت حاصل ہونی چاہیے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سوشل میڈیا نے معلومات تک رسائی کو آسان بنایا ہے، لیکن اسی کے ساتھ جعلی خبروں، افواہوں اور گمراہ کن معلومات کے پھیلاؤ کے امکانات بھی بڑھ گئے ہیں۔ ایسے ماحول میں پیشہ ورانہ صحافت حقائق کی کھوج، ذرائع کی تصدیق اور مختلف پہلوؤں کو سامنے لانے کے ذریعے معاشرے میں درست معلومات کی فراہمی کا اہم ذریعہ بن سکتی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آزادی صحافت جمہوری معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے اور صحافیوں کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرنے کے لیے سازگار ماحول ملنا چاہیے۔ صحافت کی آزادی کے ساتھ خبر کی ذمہ داری بھی وابستہ ہے، کیونکہ آزادیِ اظہار اور ذمہ دارانہ صحافت ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے صحافیوں نے مشکل حالات میں بھی اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دیے ہیں۔ صوبائی حکومت صحافیوں اور میڈیا کے مسائل کے حل، پیشہ ورانہ آزادی اور مثبت صحافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے عالمی یومِ خبر کے موقع پر صحافیوں، مدیران، کیمرہ مینوں، فوٹو جرنلسٹس اور میڈیا ورکرز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ درست خبر معاشرے میں شعور، اعتماد اور ذمہ دارانہ رائے عامہ کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
موجودہ دور میں تیز رفتار اطلاعات میڈیا کے بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث صحافت کی ذمہ داری پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے ‘ میر سرفراز بگٹی

ٹیگز:
میر سرفراز بگٹی
