کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے عالمی یومِ خبر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خبر کی صداقت، سچائی اور حقائق کی درست عکاسی صحافت کے بنیادی اصول ہیں، جبکہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں ان اصولوں کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا نے معلومات کی ترسیل کو غیر معمولی تیزی دی ہے، تاہم اسی رفتار کے باعث غیر مصدقہ اطلاعات، افواہوں اور گمراہ کن مواد کے پھیلاؤ کے امکانات بھی بڑھ گئے ہیں۔ ایسے ماحول میں ذمہ دار صحافت کا کردار مزید اہم ہو جاتا ہے، کیونکہ عوام تک درست اور قابلِ اعتماد معلومات پہنچانا میڈیا کی بنیادی ذمہ داری ہے۔شاہد رند نے کہا کہ کسی بھی اطلاع کو خبر بنانے سے قبل اس کے ذرائع، حقائق اور پس منظر کی مکمل تصدیق ضروری ہے۔ صحافیوں اور میڈیا اداروں کو فوری طور پر خبر دینے کے دباؤ کے بجائے خبر کی صحت اور عوامی مفاد کو مقدم رکھنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا صحافت کے لیے نئے مواقع فراہم کر رہے ہیں، لیکن ان ذرائع کے استعمال میں پیشہ ورانہ ذمہ داری، تحقیق اور تصدیق کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ایک غیر مصدقہ خبر لمحوں میں ہزاروں افراد تک پہنچ سکتی ہے، اس لیے خبر کی اشاعت سے پہلے حقائق کی جانچ ناگزیر ہے۔ معاون وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آزاد اور ذمہ دار میڈیا معاشرے میں شعور اجاگر کرنے، عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور اداروں کو جوابدہ بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ صحافت کی آزادی کے ساتھ پیشہ ورانہ ذمہ داری اور اخلاقی تقاضوں کی پاسداری بھی ضروری ہے۔انہوں نے بلوچستان کے صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے صحافیوں نے مشکل حالات میں بھی اپنے فرائض انجام دیے ہیں۔ حکومت بلوچستان صحافی برادری کے مسائل کے حل اور آزاد، ذمہ دار اور مثبت صحافتی ماحول کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔شاہد رند نے عالمی یومِ خبر کے موقع پر صحافیوں، مدیران، کیمرہ مینوں، فوٹو جرنلسٹس اور میڈیا ورکرز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سچی اور مستند خبر عوام کے اعتماد کی بنیاد ہے، اس اعتماد کا تحفظ پوری میڈیا برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
خبر کی صداقت، سچائی اور حقائق کی درست عکاسی صحافت کے بنیادی اصول ہیں، شاہد رند

ٹیگز:
شاہد رند
