کوئٹہ(یو این اے )کوئٹہ ژوب شاہراہ پر زیارت کراس کے مقام پر تیز رفتار ٹویوٹا ٹوڈی گاڑی الٹنے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔ حادثے کے بعد گاڑی میں موجود غیر قانونی غیر ملکی سگریٹ سڑک پر بکھر گئے، جس پر کسٹم اور لیویز فورس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے سامان ضبط کر لیا۔ذرائع کے مطابق مذکورہ گاڑی قلعہ سیف اللہ کی جانب جا رہی تھی اور اس پر بھاری مقدار میں اسمگل شدہ سگریٹ لوڈ تھے۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ اسمگلنگ کی یہ کوشش کسٹم چیکنگ سے بچنے کی غرض سے کی گئی، تاہم گاڑی بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ زیارت کراس چیک پوسٹ سے بغیر نذرانہ یا منظوری کے گزرنا مشکل ہوتا ہے، تاہم کلکٹر کسٹمز عمر شفیق کی ہدایات پر موجودہ حالات میں اسمگلنگ کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں، جس سے اسمگلنگ کی سرگرمیوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی کسٹم اور لیویز فورس موقع پر پہنچ گئی اور گاڑی سے تمام غیر قانونی سگریٹ قبضے میں لے لیے گئے۔ زخمی شخص کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ جاں بحق شخص کی لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کی جا رہی ہے۔
کوئٹہ ژوب شاہراہ پر حادثہ، اسمگل شدہ غیر ملکی سگریٹ برآمد، ایک جاں بحق، ایک زخمی

