کوئٹہ(یو این اے )سیکرٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان حیات کاکڑ نے کہا ہے کہ مسافر بسوں میں خفیہ خانوں کی کوئی گنجائش نہیں، ایسی بسوں کو سڑکوں پر چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے نمائندگان کے ساتھ منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے نمائندوں کے علاوہ سیکرٹری پی ٹی اے بلوچستان اور محکمہ ٹرانسپورٹ کی ٹیم نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے واضح کیا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ بسوں میں خفیہ خانوں کے خلاف سخت کارروائی کرے گا، اور اگر کسی بس میں خفیہ خانہ پایا گیا تو اس کے خلاف موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ایسی بسیں جو غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال ہو سکتی ہیں، انہیں سڑکوں پر چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس موقع پر تمام ٹرانسپورٹرز نے محکمہ ٹرانسپورٹ کے اس اقدام کی حمایت کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے نمائندوں نے بھی اس بات پر زور دیا کہ ان کی بسوں میں کسی قسم کے خفیہ خانے موجود نہیں اور نہ ہی وہ اس طرح کی کوئی اجازت دیں گے۔ انہوں نے محکمہ ٹرانسپورٹ کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام مسافر سروس کو محفوظ اور قانون کے دائرے میں لانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
بلوچستان میں خفیہ خانوں والی بسوں پر پابندی، سیکرٹری ٹرانسپورٹ کا اعلان

