کوئٹہ(یو این اے )صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں 7 محرم اور یوم عاشورہ کے جلوسوں کے موقع پر سکیورٹی خدشات کے پیش نظر محکمہ داخلہ بلوچستان نے موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند کرنے کی باضابطہ درخواست وفاقی وزارت داخلہ کو ارسال کر دی ہے۔ذرائع کے مطابق یہ اقدام ممکنہ تخریبی سرگرمیوں، امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور مجالس و جلوسوں کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے تجویز کیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ نے تجویز دی ہے کہ 7 محرم اور 10 محرم کو صبح 6 بجے سے رات 12 بجے تک کوئٹہ شہر میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز بند رکھی جائیں۔محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے جاری سفارشات کے مطابق، یوم عاشورہ کے جلوس کے دوران شہر میں سخت حفاظتی انتظامات کیے جائیں گے، جن میں 18 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے، جبکہ پاک فوج کے 5 کوئیک رسپانس فورس (QRF) کے یونٹس اسٹینڈ بائی رکھے جائیں گے۔ جلوس کی فضائی نگرانی کے لیے دو ہیلی کاپٹرز بھی تعینات کیے جائیں گے۔اس کے علاوہ ضلع کچھی، جھل مگسی، جعفرآباد، بولان اور اوستہ محمد سمیت دیگر اضلاع میں بھی 9 اور 10 محرم کو موبائل سروس بند رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پہلے ہی 1 محرم سے 10 محرم تک موٹرسائیکل پر دو افراد کے سوار ہونے پر پابندی عائد ہے۔محکمہ داخلہ کی سفارش پر وفاقی وزارت داخلہ متعلقہ موبائل کمپنیوں کو سروس بندش کے لیے ہدایات جاری کرے گی، جس کے بعد ان ایام میں سروس معطلی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن متوقع ہے۔
کوئٹہ ،7محرم اور یوم عاشورہ پر موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند کرنے کی درخواست

