اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)راولپنڈی اسلام آباد بیورو جرنلسٹس ایسوسی ایشن (ربجا) کے ایک وفد نے چیئرپرسن پیمرا عنبرین جان سے ملاقات کی اور علاقائی اخبارات کے ایک سال سے زائد عرصے سے زیرِ التواء واجبات کی ادائیگی کا معاملہ اٹھایا۔وفد میں ربجا کے صدر مرتضیٰ ملک، جنرل سیکرٹری فیاض چوہدری، سینئر نائب صدر راحیل نواز سواتی، ممبران گورننگ باڈی عارف ملک اور عبدالحفیظ خٹک شامل تھے۔ اس موقع پر پیمرا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز محمد طاہر اور ڈائریکٹر ٹو چیئرپرسن اختر جاوید بھی موجود تھے۔
وفد نے چیئرپرسن پیمرا کو آگاہ کیا کہ علاقائی اخبارات کو ایک سال سے زائد عرصے سے واجبات کی ادائیگیاں نہیں کی گئیں، جس کے باعث اخبارات سے وابستہ صحافیوں اور دیگر کارکنوں کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ علاقائی اخبارات کے واجبات کی ادائیگی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے تاکہ ان سے وابستہ صحافیوں کے مالی مسائل میں کمی لائی جا سکے۔چیئرپرسن پیمرا عنبرین جان نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ زیرِ التواء ادائیگیوں کے معاملے میں علاقائی اخبارات کو اولین ترجیح دی جائے گی۔

