گوادر (ڈیلی گرین گوادر) گوادر جامعہ گوادر کے شعبہ زولوجی کے زیرِ اہتمام عالمی یومِ ماہی گیری 2026 کے موقع پر مرکزی سیمینار ہال میں ”تبدیلی کے لیے عوام کو بااختیار بنانا ماہی گیری اور آبی زراعت میں نوجوانوں اور خواتین کے لیے باعزت روزگار کے مواقع کا فروغ“ کے موضوع پر سیمینار منعقد کیا گیا۔ شعبہ زولوجی کی چیئرپرسن میڈم عتیقہ بلوچ نے مہمانوں اور شرکاءکا خیرمقدم کرتے ہوئے سمندری وسائل کے تحفظ اور پائیدار استعمال کے لیے تعلیمی شعور اور اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ مہمان مقرر عبدالرحیم، پی ایچ ڈی اسکالر، میرین بائیولوجسٹ اور ڈپٹی ڈائریکٹر انوائرنمنٹ، گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے پاکستان میں ماہی گیری کی صورتحال، بلوچستان کے ساحلی وسائل کی استعداد اور اس شعبے کو درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے آبی زراعت کے فروغ اور ماہی گیری کے موثر انتظام کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ دوسرے مہمان مقرر شاہ فہد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز بلوچستان نے صوبے میں ماہی گیری کے شعبے کی ترقی، ہیچریوں کے قیام، مچھلی کے بیج کی پیداوار اور محکمانہ اصلاحات سے متعلق اقدامات سے شرکا کو آگاہ کیا۔ سیمینار کے دوران طلبہ نے پائیدار ماہی گیری، آبی زراعت، سمندری وسائل کے تحفظ اور نوجوانوں و خواتین کے لیے روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع پر پریزنٹیشنز پیش کیں۔ اس موقع پر کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رحیم بخش مہر، فیکلٹی ممبران، انتظامی افسران اور طلبہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ اختتامی کلمات میں ڈین فیکلٹی آف سائنسز اینڈ انجنئیرنگ ڈاکٹر محب اللہ نے سیمینار کے انعقاد کو سراہتے ہوئے ماہی گیری کے شعبے کی پائیدار ترقی کے لیے تحقیق، معیاری تعلیم اور ادارہ جاتی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ سیمینار کا مقصد گوادر اور بلوچستان میں ماہی گیری کے شعبے کی پائیدار ترقی، ساحلی آبادیوں کے معاشی استحکام اور نوجوانوں و خواتین کے لیے روزگار کے نئے مواقع کے حوالے سے علمی و تحقیقی شعور اجاگر کرنا تھا۔
عالمی یومِ ماہی گیری 2026 کے موقع پر جامعہ گوادر کے زیرِ اہتمام عالمی یومِ ماہی گیری 2026 ئ کے موقع پر سیمینار کا انعقاد

ٹیگز:
جامعہ گوادر
