کوئٹہ کوئٹہ ( ڈیلی گرین گوادر ) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) کی اپیل پر بلوچستان یونین آف جرنلسٹس (BUJ) اور کوئٹہ پریس کلب کے زیر اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے باہر دو روزہ احتجاجی کیمپ قائم کردیا گیا۔ احتجاج کا مقصد بلوچستان میں 11 میڈیا بیوروز کی بندش، 122 میڈیا کارکنوں کی برطرفیوں اور آزادیٔ صحافت پر عائد پابندیوں کے خلاف آواز بلند کرنا ہے۔ احتجاجی کیمپ میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، منتخب نمائندوں اور سماجی و سیاسی تنظیموں کے عہدیداروں نے شرکت کرکے صحافی برادری کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا اور صحافیوں کے حقوق، روزگار کے تحفظ اور آزادیٔ صحافت کے لیے اپنی حمایت کا یقین دلایا۔اس موقع پر نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر محمد افضل بٹ، بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر منظور احمد رند، کوئٹہ پریس کلب کے صدر عرفان سعید، سینئر صحافی شہزادہ ذوالفقار، جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ، عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی رہنما انجینئر زمرک خان اچکزئی، ملک نصیر احمد شاہوانی، ثناء اللہ بلوچ، احمد نواز بلوچ، حاجی عبدالباسط لہڑی، میر اختر حسین لانگو، راحب بلوچ، حاجی شفا مینگل، سید عبدالقیم آغا اور نصراللہ بلوچ سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات موجود تھیں۔احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے سینئر سیاست دان نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی نے کہا کہ بلوچستان میں 11 میڈیا دفاتر کی بندش سے 122 خاندانوں کے معاشی مستقبل کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں، جبکہ سیاسی نمائندے صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں سیاسی جماعتوں کو متحد ہوکر اجتماعی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور جمہوری جدوجہد کو مسلسل جاری رکھنا ہوگا۔نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی نے کہا کہ بلوچستان میں قتل کیے گئے 40 صحافیوں کے قاتل تاحال انصاف کے کٹہرے میں نہیں لائے جاسکے۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں، وکلا اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ صحافیوں کی تحریک کا بھرپور ساتھ دیں اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحافیوں کو معاشی استحصال کا سامنا ہے، میڈیا کارکنوں کو ملازمتوں سے فارغ کیا جارہا ہے اور انہیں جائز تنخواہوں سے بھی محروم رکھا جارہا ہے۔ انہوں نے قومی میڈیا میں بلوچستان کی منفی تصویرکشی پر تنقید کرتے ہوئے یقین دلایا کہ صحافیوں کے مسائل صوبائی اسمبلی اور دیگر متعلقہ فورمز پر اٹھائے جائیں گے۔عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی رہنما انجینئر زمرک خان اچکزئی نے میڈیا بیوروز کی بندش اور 122 میڈیا کارکنوں کی برطرفیوں سے متعلق پارلیمانی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے میڈیا کو ریاست کا چوتھا ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت صحافیوں کے مطالبات صوبائی اور وفاقی سطح پر اٹھانے کے لیے تعاون جاری رکھے گی۔
احتجاجی کیمپ سے خطاب کرنے والے دیگر مقررین نے بھی صحافیوں کے معاشی حقوق، روزگار کے تحفظ، میڈیا اداروں کی بحالی اور آزادیٔ صحافت کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
کوئٹہ میڈیا بیوروز کی بندش اور 122 صحافیوں کی برطرفیوں کے خلاف احتجاجی کیمپ، سیاسی و سماجی رہنماؤں کی صحافیوں سے اظہارِ یکجہتی

ٹیگز:
میڈیا بیوروز
