کوئٹہ(یو این اے )جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا حافظ حسین احمد شرودی، حاجی عبدالصادق نورزئی، مولانا شاہ محمد، سید حاجی عبدالواحد آغا، مولانا محمد ساسولی، مولانا محمد ہاشم خیشکی، مولانا حفیظ اللہ، ضلعی سیکرٹری اطلاعات مولانا محمد طاہر توحیدی، معاون سیکرٹری اطلاعات مولانا مفتی نیک محمد فاروقی، رحیم الدین ایڈووکیٹ، نعمت افغان، چوہدری محمد عاطف، مولانا ضیا الرحمن فاروقی، اللہ دوست ایڈووکیٹ، ٹکری محمد لانگو و دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ہزار گنجی کے ایک پیٹرول پمپ پر پیٹرول کے حصول کے لیے لائن میں تنازع کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے، جو کہ صوبے میں پیٹرول کے سنگین بحران کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام پیٹرول کے لیے اپنی باری پر لڑنے پر مجبور ہیں اور یہ صورت حال اب قتل و غارت گری تک جا پہنچی ہے۔ ایسے میں حکومت بلوچستان کے ترجمان کا یہ کہنا کہ پیٹرول کا کوئی بحران نہیں اور یہ صرف ایرانی پیٹرول سے وابستہ عناصر کی افواہیں ہیں، انتہائی شرمناک اور بے حسی کی انتہا ہے۔جے یو آئی ضلع کوئٹہ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پیٹرول بحران کو تسلیم کرے اور فوری طور پر اس کے حل کے لیے مثر اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ محض بیانات اور افواہوں کا الزام لگانے سے زمینی حقائق تبدیل نہیں ہو سکتے۔دریں اثنا جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے ترجمان مولانا محمد طاہر توحیدی نے بتایا کہ امیر جے یو آئی ضلع کوئٹہ مولانا حافظ حسین احمد شرودی نے ضلع کوئٹہ کی مجلس عاملہ کا اہم اجلاس 18 جون بروز بدھ، شام 4 بجے ضلعی دفتر میں طلب کر لیا ہے، جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔ مجلس عاملہ کے اراکین کو بروقت شرکت کی ہدایت کی گئی ہے۔
ہزار گنجی میں پیٹرول کی لائن پر تصادم، ایک شخص جاں بحق، تین زخمی

