اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)پرنس رحیم آغاخان پنجم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیددگی پر گہرے تشویش کا اظہار کیا ہے۔اسماعیلیوں کے روحانی پیشوا اور آغاخان ڈیویلپمنٹ نیٹ ورک (اے کے ڈی این) کے سربراہ پرنس کریم آغاخان پنجم نے وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کو خط لکھ کر پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی میں کمی کے لیے ثالثی کی کوششوں اور معاونت کی پیشکش کردی ہے۔
خط میں انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان حالیہ صورتحال پر گہرے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لکھا، ‘یہ میری امید اور دعا ہے کہ دونوں طرف انسانی جانوں کے ضیاع اور نقصان کو کم کرنے کے لیے اس تنازع کے پرامن حل تک جلد پہنچایا جائے’۔انہوں نے لکھا، ‘اسماعیلی امامت ایک غیر سیاسی ادارہ ہے جس کے انڈیا اور پاکستان کے ساتھ تاریخی روابط ہیں’۔آغاخان پنجم نے کشیدگی ختم کرنے اور دیرپا امن کے قیام کے لیے اپنے تعاون اور مدد کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس سلسلے میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو بھی خط لکھ دیا ہے۔
واضح رہے کہ پرنس رحیم آغاخان اپنے والد پرنس کریم آغاخان چہارم کے اس سال فروری میں انتقال کے بعد اسماعیلی مسلمانوں کے 50ویں امام بن گئے تھے۔پرنس رحیم آغاخان کو گزشتہ سال پاکستان کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں صدر مملکت آصف علی زرداری کی طرف سے ‘نشانِ پاکستان’ کے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔

