کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان گرینڈ الائنس کے سربراہ اور حلقہ این اے 263سے امیدوار نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ ملک اور بلوچستان کو بحرانوں سے نکالنے، عوام کا وفاق اور وفاقی نظام پر اعتماد بحال کرنے کے لئے سیاسی ڈائیلاگ کی ضرورت ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان، عدلیہ تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو لیول پلئنگ فیلڈ دیں،سیاسی جماعتوں کو الیکٹ ایبلز کے بجائے بنیادی سطح سے نمائندگی دینی چاہیے۔یہ بات انہوں نے پیر کو سابق وفاقی وزیر میر ہمایوں عزیز کرد، سابق صوبائی وزراء طاہر محمود خان، اسماعیل گجر،ظفر صدیق سمیت دیگر کے ہمراہ سینئر صحافی رضا الرحمن کی رہائشگاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر گرینڈ الائنس کے سربراہ حاجی لشکری رئیسانی نے سینئر صحافی اور حلقہ پی بی 42کوئٹہ سے امیدوار رضا الرحمن سے آزاد امیدوار طاہر محمود خان کے حق میں انتخابات سے دستبردار ہونے کی درخواست کی جسے قبول کرتے ہوئے رضاالرحمن نے انتخابات سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا۔ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ 8فروری کو ہونے والے انتخابات کے سلسلے میں سیاسی جماعتوں، معاشرے، امیدواروں سمیت تمام لوگوں سے بات چیت کا سلسلہ جاری ہے ہم گرینڈ الائنس کے امیدوار رضا الرحمن کی رہائشگاہ پر آئے ہیں جہاں حلقہ پی بی 42میں طاہر محمود خان کی حمایت کا فیصلہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبے کو جن چیلنجز کا سامنا ہے انکے حل کے لئے سنجیدیگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا خطے میں ہل چل ہے اور معاملات اٹھ رہے ہیں اگر ہم سنجیدیگی سے غور کریں تو بحرانوں سے نکل سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاق اور بلوچستان کے مسائل اوربے چینی کے خاتمے کے لئے بات چیت انتہائی ضروری ہے دنیا بھر میں سیاسی ڈائیلاگ کے ذریعے ہی مسائل حل کئے گئے ہیں ہمارے ملک میں بھی سنجیدیگی سے ڈائیلا گ کرنے سے بہتری آسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو انتخابی عمل پر شک بھی رہا ہے اور انہیں محسوس ہورہا ہے کہ انتخابات شفاف نہیں ہونگے لہذا الیکشن کمیشن آف پاکستان اور عدلیہ تمام جماعتوں اور امیدواروں کو لیول پلیئنگ فیلڈ دے تاکہ سیاسی جماعتیں اپنا کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں پر الیکٹ ایبلز مسلط ہیں سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ گراس روٹ کی لیڈر شپ سامنے لائیں اور سیاسی عمل کو جماعتوں کا حصہ بنایا جائے۔
عوام کا وفاق اور وفاقی نظام پر اعتماد بحال کرنے کے لئے سیاسی ڈائیلاگ کی ضرورت ہے، نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی

