تربت(ڈیلی گرین گوادر) سابق وفاقی وزیر اور ممبر قومی اسمبلی میڈم زبیدہ جلال نے جمعہ کوسوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے زیر نگرانی میں منشیات کے مریضوں کی علاج معالجے و بحالی کے لئے قائم ڈرگ سینٹر کی توسیع کے لئے نئے تعمیر شدہ عمارت کا افتتاح کیا۔اس موقع پر انکی ہمشیرہ اور ممتاز سماجی شخصیت رحیمہ جلال، سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ مکران کے ڈپٹی ڈائریکٹر قدیر لقمان بلوچ، ڈی ایچ او کیچ ڈاکٹر عبدالطیف دشتی، ڈاکٹر افضل بلوچ، ڈاکٹر حمید بلوچ اور دیگر حکام بھی انکے ہمراہ وہاں پر موجود تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے میڈم زبیدہ جلال نے کہا کہ ہمیں معاشرے کی اصلاح کے لیے سماجی کاموں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے تاکہ ہمارے معاشرے کے مایوس اور پسے ہوئے طبقے قومی دھارے میں شامل ہوکر علاقے کی ترقی کے لیے حکومت کا ہاتھ بٹا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے لت میں ملوث مریضوں کو ہماری توجہ کی اشد ضرورت ہے تاکہ ہم انکا صحیح طریقے سے علاج کرکے ان کو معاشرے میں ایک باعزت مقام دلاسکیں۔ اس موقع پر میڈم زبیدہ جلال نے مخیر حضرات اور سول سوسائٹی کے نمائندوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس طرح کے سماجی کاموں میں حکومتی اداروں کے ساتھ ملکر بڑھ چڑھ کر حصہ لیی تاکہ ہمارے علاقے میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ ملے اور معاشرتی برائیوں کا خاتمہ ممکن بنایا جاسکے۔اس موقع پر انہوں نے کچھ اوقات وہاں پر زیر علاج منشیات کے مریضوں سے ادارہ برائے علاج معالجے و بحالی ڈرگ سنٹر میں سہولیات کی دستیابی کے حوالے سے ان سے گفتگو کی اور انکے مسائل بھی دریافت کیے اور ان کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر قدیر لقمان بلوچ سے گفتگو کی بعد ازاں انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر ڈیپارٹمنٹ مکران قدیر لقمان بلوچ سے اس حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا تاکہ تحصیل تمپ کے علاقے مند میں ملا فاضل کلب کے اہلکاروں کے ساتھ ملکر اس طرح کا ایک مشترکہ منصوبہ شروع کیا جاسکے۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر ڈیپارٹمنٹ قدیر لقمان بلوچ نے بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ ادارہ برائے علاج معالجے و بحالی ڈرگ سینٹر میں نئی عمارت کی تعمیر کے بعد یہاں پر دگنی تعداد میں منشیات کے مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی یقینی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کیچ کے ہیڈکوارٹر تربت میں قائم ڈرگ سینٹر جنوبی بلوچستان کے بیشتر علاقوں کے علاؤہ ہمسایہ ملک ایران کے لوگوں کو بھی علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم انتہائی کم وسائل کے باوجود مریضوں کو انتہائی کم فیس کے ساتھ علاج معالجے کی سہولیات فراہم کررہے ہیں اس دوران انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں سوشل ویلفئیر ڈیپارٹمنٹ ضلع کیچ کے دیگر تحصیلوں میں بھی ڈرگ سینٹر کا قیام عمل میں لائے گی تاکہ دیہی علاقوں میں منشیات کے مریضوں کا علاج ممکن بنایا جاسکے۔اس موقع پر ڈی ایچ او کیچ ڈاکٹر عبدالطیف دشتی نے سوشل ویلفئیر ڈیپارٹمنٹ کے سماجی کاموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت اس حوالے سے دوائیوں اور دیگر ضروری میڈیکل سازوسامان کی فراہمی کے لیے سوشل ویلفئیر ڈیپارٹمنٹ سے کسی بھی قسم کی تعاون کے لیے ہر وقت تیار ہے۔بعد ازاں ڈرگ سینٹر میں مریضوں کی علاج معالجے پر تعینات ڈاکٹر افضل بلوچ نے ڈرگ سینٹر کے مسائل اور انتظامی امور کے بارے میں میڈم زبیدہ جلال سے تبادلہ خیال بھی کیا۔واضح رہے میڈم زبیدہ جلال کی جانب سے فراہم کردہ ایک کروڑ چالیس لاکھ روپے کی مالیت سے قائم کیے گئے ڈرگ سینٹر کے توسیعی منصوبے میں نئے داخل ہونے والے مریضوں کی علاج کے لیے اضافی وارڈ، ان کے آرام کے لئے ایک ہال، انکی جسمانی ورزش کے لیے انڈور گیم کورٹ، انتظامی افسران اور ڈاکٹروں کے لیے دفاتر، اسٹور روم اور ٹوالیٹ وغیرہ شامل ہیں۔ اسکے علاوہ میڈم زبیدہ جلال کے فنڈز سے ڈرگ سینٹر کے لیے ایک ایمبولینس گاڈی بھی فراہم کی گئی ہے تاکہ منشیات کے عادی مریضوں کی طبیعت بگڑنے کی صورت میں ان کو مزید علاج کے لیے فوری طور پر ٹیچنگ ہسپتال تربت منتقل کیا جاسکے۔
ہمیں معاشرے کی اصلاح کے لیے سماجی کاموں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے،زبیدہ جلال

ٹیگز:
زبیدہ جلال
