کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنماء سابق صوبائی وزیر شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ عوام کی بے لوث اور بلاامتیاز خدمت ہماری سیاست کا محور ہے، قمر دین کاریز سمیت دیگر علاقوں میں جتنے بھی کام ہم نے کروائے ان سے علاقے کا اجتماعی فائدہ ہوا ہے، کبھی سڑکوں، ڈیموں،ترقیاتی کاموں میں ذاتی مفادحاصل نہیں کیا، 30سال میں کرپشن ثابت ہو جائے تو سیاست چھوڑ دونگا،ووٹ عوام کی امانت ہے جس کا حق ادا کرتے رہیں گے۔یہ بات انہوں نے قمر دین کاریز میں بڑے جلسہ عام اور مردانزئی، لوون قبائل سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد کی مختلف سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہوکر مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر شیخ عامر مندوخیل، ملا حیات، خان، عبداللہ خان عبداللہ زئی، اختر جان لوون سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔ شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ قمر دین کاریز اور ملحقہ علاقوں میں ہمارے دورمیں جو کام ہوئے نہ اس سے قبل اتنے کام ہوئے اور نہ ہی موجودہ دور میں کسی بھی قسم کے ترقیاتی کام کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام نے مینڈیٹ انکی ترقی اور خوشحالی کے لئے دیا ہے لیکن بعض لوگ عوامی منصب پر فائض ہونے کے بعد ذاتی مفادات حاصل کرتے ہیں اور سیاست محض کرپشن کرنے کے لئے کرتے ہیں ہماری سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے کبھی کسی منصوبے میں نہ خود بد عنوانی کی ہے اور نہ کسی اور کو کرنے دی ہے 30سال میں کرپشن کا کوئی کیس ثابت ہو جائے تو سیاست چھوڑ دونگا یہی وجہ ہے کہ آج اقتدار میں نہ ہونے کے باوجود لوگ جوق در جوق ہماری قیادت میں مسلم لیگ(ن) میں شامل ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قمر دین کاریز میں ہمارے دور میں ڈیم، واٹر سپلائی اسکیمات، درجنوں افراد کو روزگار، بجلی کی فراہمی،سڑکوں کی تعمیر کے کام کئے گئے ہیں ہم آئندہ انتخابات میں بھی عوام کی طاقت اور مدد سے بھاری اکثریت سے کام ہوکر علاقے کی فلاح اور بہبود کے لئے کام کریں گے عوام نے ہمیشہ جس اعتماد کا اظہار کیا ہے ہم ماضی کی طرح آئندہ بھی انکے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔
عوام کی بے لوث اور بلاامتیاز خدمت ہماری سیاست کا محور ہے،شیخ جعفر خان مندوخیل

ٹیگز:
شیخ جعفر خان مندوخیل
