کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ پاکستان کے چاروں صوبے بارشوں اور سیلاب کی زد میں ہیں خصوصاً بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب نے جو تباہی مچائی ہے وہ ناقابل بیان ہے۔ بلوچستان حکومت کے پاس مسائل زیادہ اور وسائل کم ہیں۔ وفاقی حکومت بلوچستان کی امداد کیلئے آگے آئے۔ قائمقام گورنر بلوچستان اور چیف سیکرٹری بلوچستان صوبے میں سیلاب سے ہونے والی تباہی کے حوالے سے صوبے و مرکز کے درمیان مثبت کردار ادا کررہے ہیں لیکن صوبے کی بیورو کریسی وزیراعلیٰ بلوچستان کو کندھا نہیں دے رہی۔ میری صوبے کی بیورو کریسی سے گزارش ہے کہ وہ مصیبت کی اس گھڑی میں تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر موجودہ صوبائی حکومت کو کندھا دے کیونکہ اس وقت صوبے کو آپس کے اتحاد اور مخلصانہ کوششوں کی اشد ضرورت ہے۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کرنے والے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ بارشوں اور سیلاب سے جہاں دوسرے صوبے متاثر ہوئے ہیں وہاں بلوچستان میں زیادہ تباہی ہوئی ہے ہر ضلع متاثر ہوا ہے۔ اربوں روپے کے نقصانات ہوئے ہیں ہم پاک افواج کے بھی شکر گزار ہیں جس نے مصیبت کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے نے صوبائی حکومت کی ہدایت پر کافی حد تک ریلیف کا کام کیا لیکن اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے جسے کنٹرول کرنا مشکل کام ہے جب تک کہ وفاقی حکومت ریلیف فنڈز نہیں دیتی۔ صوبائی حکومت کیلئے مشکلات رہے گی۔میری وفاقی حکومت سے اپیل ہے کہ وہ بلوچستان میں سیلاب اور بارش سے ہونے والی تباہی کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طورپر ریلیف فنڈ بلوچستان کیلئے جاری کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اچھی طرح علم ہے کہ موجودہ حکومت آئی ایم ایف کے قرضوں اور شرائط میں پھنسی ہوئی ہے۔ مہنگائی کا ایٹم بم پورے ملک پر گرا ہے اور اب بارشوں اور سیلاب کا ہائیڈروجن بم بھی عوام پر گرا ہے۔ ایسے میں مرکز میں پہلے ہی اقتدار کی جنگ جاری ہے ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے کا عمل شروع ہے اس سیاسی ٹوپی ڈرامے سے ملک کو نقصان ہو رہا ہے لیکن کوئی ملک کا نہیں سوچ رہا تاہم پھر بھی ہمیں موجودہ وفاقی حکومت سے امید ہے کہ وہ بلوچستان میں ہونے والی اس تباہی پر ریلیف فنڈ جاری کرے گی اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو جو کہ ایک ایماندار اور مخلص شخص ہیں کی حکومت کو کندھا دے گی انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو بلوچستان قائمقام گورنر جان جمالی اور چیف سیکرٹری بلوچستان اس تباہی و بربادی کے حوالے سے باخبر رکھ رہے ہیں اور ان کا کردار انتہائی مثبت اور قابل تعریف ہے انہوں نے صوبے کی بیورو کریسی سے بھی اپیل کی کہ وہ بلوچستان کے بہتر مفاد میں وزیراعلیٰ بزنجو کا ہاتھ بٹائے اور اگر ان کے موجودہ صوبائی حکومت کے حوالے سے کوئی تحفظات ہیں تووہ مصیبت کی اس گھڑی میں بالائے طاق رکھ کر وزیراعلیٰ قدوس بزنجو کے ساتھ تعاون کریں آخر میں انہوں نے وفاقی حکومت سے یہ بھی اپیل کی کہ وہ انٹرنیشنل ڈونرز اور بیرون ممالک سے بلوچستان سمیت ملک کے دیگر صوبوں میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہی کے حوالے سے ہرممکن تعاون کی گزارش کی جائے۔
پاکستان کے چاروں صوبے بارشوں اورسیلاب کی زد میں ہیں،میر عبدالکریم نوشیروانی

ٹیگز:
میر عبدالکریم نوشیروانی
