تربت (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان بار کونسل، مکران ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، کیچ بار ایسوسی ایشن، گوادر بار اور پنجگور بار سمیت صوبے بھر کی وکلاء تنظیموں نے بلوچستان میں عدالتی نظام کی مبینہ غیر فعالیت، آئین و قانون کی بالادستی کو درپیش خطرات، ماورائے آئین و قانون اقدامات، قتل و غارت گری، چوری اور ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے خلاف غیر معینہ مدت تک عدالتی بائیکاٹ اور بھرپور پرامن احتجاجی تحریک جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ وکلاء رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ تربت ہائی کورٹ کے ریگولر بینچ کو فوری طور پر فعال بنایا جائے اور مکران سمیت بلوچستان کے تمام اضلاع میں عدالتی نظام کو اس کی اصل صورت میں بحال کیا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مطالبات تسلیم نہ ہونے اور تربت ہائی کورٹ بینچ کی بحالی میں مزید تاخیر کی صورت میں مکران ڈویژن کی تمام عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا اور کوئی بھی وکیل کسی عدالت میں پیش نہیں ہوگا۔اس حوالے سے بلوچستان بار کونسل، مکران ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، کیچ بار ایسوسی ایشن، گوادر بار اور پنجگور بار کے نمائندوں اور سینئر وکلاء نے تربت پریس کلب میں ایک ہنگامی اور پرہجوم پریس کانفرنس کی۔ پریس کانفرنس سے بلوچستان بار کونسل کے وائس چیئرمین جاڈین دشتی ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے عدالتی نظام کی موجودہ صورت حال، تربت ہائی کورٹ کے ریگولر بینچ کی آٹھ ماہ سے غیر فعالیت، بلوچستان کے مختلف اضلاع میں عدالتی سہولیات کی عدم دستیابی اور صوبے میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔اس موقع پر مکران ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سعید فیض ایڈووکیٹ، کیچ بار ایسوسی ایشن کے صدر رستم جان گچکی ایڈووکیٹ، گوادر بار کے صدر رستم بلوچ ایڈووکیٹ، کیچ بار کے سابق صدر مجید شاہ ایڈووکیٹ، مکران ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر محراب خان گچکی ایڈووکیٹ، سینئر وکلاء مہر اللہ گچکی ایڈووکیٹ، عابد عمر ایڈووکیٹ، شکیل زامرانی ایڈووکیٹ، عبدالمجید دشتی ایڈووکیٹ، ینگ لائرز ایسوسی ایشن کے فنانس سیکرٹری فدا احمد دشتی ایڈووکیٹ، کریم شمبے ایڈووکیٹ سمیت وکلاء کی بڑی تعداد موجود تھی۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان بار کونسل کے وائس چیئرمین جاڈین دشتی ایڈووکیٹ نے اقتدارِ اعلیٰ کے عہدیداروں اور اعلیٰ عدلیہ سے اپیل کی کہ مکران میں ہائی کورٹ کے ریگولر بینچ کو فوری طور پر فعال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ آٹھ ماہ سے تربت ہائی کورٹ کے ریگولر بینچ میں مقدمات کی سماعت نہیں ہورہی، جس کے باعث مکران بھر کے وکلاء اور سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ وکلاء کے پاس مقدمات کی فائلیں موجود ہیں اور شہری انصاف کے حصول کے لیے انتظار کررہے ہیں، لیکن ریگولر بینچ کی عدم فعالیت کے باعث مقدمات کی باقاعدہ سماعت ممکن نہیں ہوپارہی۔ انہوں نے کہا کہ محض ویڈیو لنک کے ذریعے مقدمات کی سماعت مقامی عدالتی نظام کی تمام ضروریات پوری نہیں کرسکتی اور نہ ہی اس سے مکران کے عوام کو درپیش قانونی مشکلات کا مکمل ازالہ ممکن ہے۔جاڈین دشتی ایڈووکیٹ نے کہا کہ تربت ہائی کورٹ کے ریگولر بینچ کے قیام کے لیے کروڑوں روپے کی لاگت سے ایک شاندار عمارت تعمیر کی گئی ہے، لیکن افسوس کہ گزشتہ آٹھ ماہ سے یہ عدالتی نظام عملاً غیر فعال ہے۔ ان کے بقول اس عرصے کے دوران ریگولر بینچ میں ایک بھی مقدمہ درج نہیں ہوا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب مکران کے عوام کے لیے ہائی کورٹ کا باقاعدہ بینچ اور اس کی عمارت موجود ہے تو پھر یہاں مقدمات کی سماعت کیوں نہیں کی جارہی اور سائلین کو اپنے ہی علاقے میں انصاف کی سہولت سے کیوں محروم رکھا جارہا ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر تربت ہائی کورٹ کے ریگولر بینچ کو فوری طور پر بحال نہ کیا گیا اور وکلاء کے جائز مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو مکران ڈویڑن کی تمام عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا۔ اس صورت میں کوئی بھی وکیل کسی عدالت میں پیش نہیں ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وکلاء اس مسئلے پر پہلے بھی اپنے تحفظات متعلقہ حکام تک پہنچا چکے ہیں، تاہم اب مزید خاموش رہنا ممکن نہیں اور اپنے آئینی و قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے پرامن احتجاج جاری رکھا جائے گا۔وکلاء رہنماؤں نے بلوچستان کے دیگر اضلاع میں عدالتی ڈھانچے کی صورت حال پر بھی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قلات، مستونگ اور آواران سمیت مختلف علاقوں میں عدالتی امور کی انجام دہی متاثر ہے۔ ان کے مطابق بعض اضلاع کی سیشن کورٹس اور دیگر عدالتی معاملات مقامی سطح پر چلانے کے بجائے کوئٹہ اور دیگر شہروں سے چلائے جارہے ہیں، جس سے متعلقہ علاقوں کے عوام کو انصاف تک رسائی میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع کے شہریوں کو اپنے علاقے میں عدالتی سہولیات میسر ہونی چاہئیں تاکہ مقدمات کی پیروی کے لیے انہیں طویل مسافت طے کرنے، اضافی اخراجات برداشت کرنے اور دیگر مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
تربت ہائی کورٹ کا ریگولر بینچ آٹھ ماہ سے غیر فعال، مکران بھر میں عدالتی بائیکاٹ جاری رکھنے کا اعلان

ٹیگز:
تربت ہائی کورٹ
