قلات(ڈیلی گرین گوادر) یوم اساتذہ کے عالمی دن کے حوالے سے گورنمنٹ کالج آف ایلیمنٹری ایجوکیشن قلات میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کی مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر قلات انجینئر عائشہ زہری تھیں، جبکہ تقریب کی صدارت کالج کی پرنسپل غزالہ رحیم نے کی۔ تقریب میں کالج کے اساتذہ کرام، طلبہ و طالبات سمیت بڑی تعداد میں شرکاء نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے کیا گیا۔ اس موقع پر طلبہ و طالبات نے اردو، انگریزی اور براہوئی زبان میں استاد کی عظمت اور معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اساتذہ کے کردار کے حوالے سے تقاریر پیش کیں۔ طالبات نے اپنے اساتذہ کرام کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے خوبصورت قوالی بھی پیش کی، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔اس موقع پر ایلیمنٹری کالج کے کوآرڈینیٹر حاجی شمس پندرانی نے کالج کے قیام، مختلف کورسز، اساتذہ و طلبہ و طالبات کی تعداد اور ادارے کو درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
یومِ اساتذہ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر قلات انجینئر عائشہ زہری اور پرنسپل کالج غزالہ رحیم نے کہا کہ استاد کسی بھی معاشرے کی تعمیر و ترقی کا بنیادی ستون ہے۔ استاد صرف کتابی علم نہیں دیتا بلکہ طلبہ کی شخصیت، کردار اور مستقبل کی تعمیر کرتا ہے۔ آج ہم زندگی کے جس مقام پر بھی موجود ہیں، اس کے پیچھے ہمارے والدین کے ساتھ ساتھ ہمارے اساتذہ کی محنت، رہنمائی اور تربیت کا بنیادی کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا آج جس تیزی سے ترقی کر رہی ہے، سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں جو نئی نئی ایجادات سامنے آ رہی ہیں، ان سب کے پیچھے علم، تحقیق اور تعلیم کا کردار ہے، اور اس علم کو نئی نسل تک منتقل کرنے کا فریضہ استاد انجام دیتا ہے۔ استاد کی عظمت بیان کرنے کے لیے الفاظ ہمیشہ کم پڑ جاتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے طلبہ و طالبات سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ دل لگا کر تعلیم حاصل کریں، اپنے اساتذہ کا احترام کریں اور اپنی صلاحیتوں کو ملک و قوم کی خدمت کے لیے بروئے کار لائیں۔ آپ میں سے جو طالب علم آج یہاں بیٹھا ہے، وہ مستقبل میں ڈاکٹر، انجینئر، استاد، افسر، سائنسدان اور مختلف شعبوں کا ماہر بن سکتا ہے، لیکن اپنی کامیابی کے سفر میں جب بھی پیچھے مڑ کر دیکھے گا تو اسے اپنے اساتذہ کی محنت اور رہنمائی ضرور نظر آئے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ اساتذہ کا احترام صرف ایک دن تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ یہ ہماری روزمرہ زندگی کا مستقل حصہ ہونا چاہیے۔ ایک اچھا استاد ایک اچھی نسل تیار کرتا ہے اور ایک اچھی نسل ہی مضبوط، تعلیم یافتہ اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد بنتی ہے۔

