کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)صوبائی مشیر بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے کہا ہے کہ عوام کو درپیش مسائل کا بروقت ازالہ اور علاقائی ترقی کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں، حکومت عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دے رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جھالاوان ہاؤس کوئٹہ میں چیئرمین میونسپل کمیٹی قلات نوابزادہ میر شعیب جان زہری، سردار علی محمد جتک، میر محمد اکبر جتک، میر محمد عالم زہری، موسیانی، سردار شائستہ خان عمرانی، چیف آفیسر خضدار وڈیرہ صالح جاموٹ سمیت دیگر قبائلی عمائدین اور سیاسی رہنماؤں سے الگ الگ ملاقاتوں کے دوران کیا ملاقاتوں میں وفود نے اپنے اپنے علاقوں کو درپیش بنیادی، علاقائی اور بلدیاتی مسائل سے صوبائی مشیر کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر سڑکوں کی تعمیر و مرمت، صاف پانی کی فراہمی، نکاسی آب، صفائی ستھرائی، بلدیاتی سہولیات اور دیگر عوامی نوعیت کے مسائل سمیت مختلف امور زیر بحث آئے صوبائی مشیر بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے کہا کہ ہر شہری کے مسائل کے حل کے لیے ہمارے دروازے بلا تفریق کھلے ہیں، عوامی خدمت محض ذمہ داری نہیں بلکہ حکومت کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے۔ حکومت بلدیاتی اداروں کو فعال اور مؤثر بنانے، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ عوام اپنے مسائل اور تجاویز براہِ راست متعلقہ فورمز تک پہنچائیں تاکہ ان کے حل کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے جا سکیں۔ عوامی نوعیت کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر متعلقہ محکموں کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی جائے گی جبکہ ترقیاتی اور بلدیاتی امور میں عوامی ضروریات کو خصوصی طور پر مدنظر رکھا جائے گا۔ اس موقع پر سیاسی و قبائلی عمائدین اور وفود نے عوامی مسائل سننے اور ان کے حل کے لیے تعاون کی یقین دہانی پر صوبائی مشیر نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری کا شکریہ ادا کیا۔
ہر شہری کے مسائل کے حل کے لیے ہمارے دروازے بلا تفریق کھلے ہیں،نوابزادہ امیر حمزہ زہری

ٹیگز:
نوابزادہ امیر حمزہ زہری
